November 17, 2026

امنِ عالم اجتماع کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز، شاندار جلسہ منعقد

IMG-20260329-WA0174

امنِ عالم اجتماع کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز، شاندار جلسہ منعقد

سکهر: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) سندھ کی جانب سے امنِ عالم اجتماع کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گوٹھ سونہارو میں ایک عظیم الشان اجتماع منعقد کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سندھ کے امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی اور صوبائی قائد علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ اس وقت سندھ سمیت پورا ملک بدامنی کی لپیٹ میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک جانب سندھ کے عوام قبائلی تنازعات، اسٹریٹ کرائم اور جرائم پیشہ کلچر سے تنگ آ چکے ہیں اور اپنی جان، مال، عزت اور آبرو کے تحفظ کے لیے پریشان ہیں، جبکہ دوسری جانب بلوچستان اورخیبرپختونخوا بھی بدامنی کا شکار ہیں۔مقررین نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر بھی امن و امان ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے، جہاں طاقتور ممالک اپنی طاقت کے نشے میں کمزور ممالک کو کچل رہے ہیں، جس کے باعث دنیا میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نے اپنے قیام سے لے کر آج تک قیامِ امن کے لیے بھرپور جدوجہد کی ہے اور اس راہ میں بڑی قربانیاں بھی دی ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ جے یو آئی سندھ کے زیر اہتمام 19، 20 اور 21 مارچ 2027 کو ایک عظیم الشان امنِ عالم اجتماع منعقد کیا جائے گا، جس میں سندھ سمیت ملک بھر اور دنیا کے مختلف ممالک سے وفود شرکت کریں گے۔ اجتماع میں تقریباً پچاس لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس عالمی اجتماع میں مسلم امہ کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا، جبکہ مسجد اقصیٰ، مسجد نبویؐ اور مسجد الحرام کے آئمہ کرام کو بھی خصوصی دعوت دی جائے گی تاکہ عالمی امن کے لیے مشترکہ آواز بلند کی جا سکے۔یہ پریس ریلیز جے یو آئی سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری کی جانب سے جاری کی گئی۔ آخر میں مقررین نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں ملک کے امن، استحکام اور سالمیت کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔