سکھر: (بیورورپورٹ)جئے سندھ محاذ (جے ایس ایم) کے سربراہ ریاض چانڈیو نے کہا ہے کہ حکومت کی
سکھر: (بیورورپورٹ)جئے سندھ محاذ (جے ایس ایم) کے سربراہ ریاض چانڈیو نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سمارٹ لاک ڈاؤن کے نام پر کیے گئے فیصلے دراصل عوام کو معاشی طور پر تباہ کرنے کی منصوبہ بندی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پالیسی نہ صرف کاروبار، مزدور طبقے اور دیہاڑی دار افراد کے لیے تباہ کن ہے بلکہ تعلیم، عدالتی نظام اور عوامی سہولیات کو بھی شدید نقصان پہنچانے کا باعث بنے گی۔یہ بات انہوں نے سکھر کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جئے سندھ محاذ کے ڈپٹی سیکریٹری ذوالفقار بلیدی، مرکزی رہنما خوشحال کالانی، عمران منگی اور وقار سومرو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ریاض چانڈیو نے کہا کہ حکومت کے فیصلوں سے سندھ میں پہلے سے کمزور معاشی سرگرمیاں مزید متاثر ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی زرعی معیشت، آبادگار اور ہاری پہلے ہی مشکلات میں مبتلا ہیں، جبکہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں حالات مزید سنگین ہو جائیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکمران عوام کے وسائل عوام پر خرچ کرنے کے بجائے اپنی ترجیحات پر سرمایہ لگا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت چاہے تو دفاعی بجٹ اور حکمرانوں کے غیر ضروری اخراجات کم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کر سکتی ہے، مگر ایسا کرنے کے بجائے عوام پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم اور عدالتی نظام پہلے ہی کمزور ہے، ایسے میں تعلیمی اداروں کی بندش اور عدالتوں کے معاملات میں رکاوٹ عوام کو سستا انصاف حاصل کرنے سے محروم کر دے گی۔پریس کانفرنس کے دوران ریاض چانڈیو نے دریائے سندھ پر مجوزہ نہری منصوبوں پر بھی سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں جلالپور کینال اور گرین پاکستان منصوبے کے تحت بننے والے نہری منصوبے سندھ کے پانی اور وسائل پر “ڈاکہ” ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اس معاملے پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، جبکہ سندھ کے کروڑوں عوام کے حقوق خطرے میں ڈالے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ فارمنگ کے نام پر سندھ کی زمینوں اور جنگلات پر قبضے کیے جا رہے ہیں اور کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیاں محض نمائشی ہیں۔ ان کا الزام تھا کہ ڈاکوؤں کی گرفتاریوں کا مقصد اصل معاملات سے توجہ ہٹانا ہے، جبکہ زمینوں پر قبضے کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔
ریاض چانڈیو نے دعویٰ کیا کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں قدرتی وسائل اور معدنیات دریافت ہونے کے باوجود فائدہ سندھ کے عوام کو نہیں مل رہا۔انہوں نے کہا کہ خیرپور اور دیگر علاقوں میں گیس کے ذخائر سامنے آنے کے باوجود سندھ کے عوام کو اس سے کوئی ریلیف نہیں ملے گا بلکہ فائدہ دوسرے صوبوں کو پہنچے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے حقوق کے لیے جئے سندھ محاذ پرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گا اور عوامی سطح پر بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 2 تاریخ کو سکھر پریس کلب میں جئے سندھ محاذ کی میزبانی میں سندھ کے قوم پرست جماعتوں کی مشترکہ “سندھ قومی کانفرنس” منعقد کی جائے گی، جس میں سندھ کے مختلف مکاتب فکر کے رہنما شریک ہوں گے۔
ریاض چانڈیو نے کراچی پریس کلب سے قوم پرست رہنماؤں کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی۔انہوں نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ بشیر خان قریشی گروپ کے سربراہ ڈاکٹر نیاز کالانی سمیت دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جو قابل مذمت اقدام ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے سندھ اور بلوچستان کے درمیان نفرت پھیلانے کی کوششوں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں رہنے والے بلوچ نسل کے افراد قومی طور پر سندھی ہیں اور سندھ و بلوچستان صدیوں سے ایک دوسرے کے پڑوسی اور دکھ درد کے ساتھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں قوموں کو لڑانے کی سازشیں ناقابل قبول ہیں اور جو بھی سندھ کے قومی وجود اور شناخت کے خلاف بات کرے گا اسے سندھ کے عوام ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ریاض چانڈیو نے کہا کہ جئے سندھ محاذ بلوچ قوم کی جدوجہد کا احترام کرتا ہے مگر سندھ کی جغرافیائی وحدت اور قومی شناخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہیں اور ہر سازش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔انہوں نے آخر میں واضح کیا کہ سندھ کے وسائل، پانی، زمین اور شناخت کے تحفظ کے لیے جدوجہد مزید تیز کی جائے گی اور عوام کو منظم کر کے ہر سطح پر پرامن مزاحمت کی جائے گی۔