جیکب آباد (رپورٹ: اے جی بلوچ) محکمہ ثقافت کی عدم توجہی کا شکار سگھڑ فنکار محمد اسماعیل کیھر
جیکب آباد (رپورٹ: اے جی بلوچ) محکمہ ثقافت کی عدم توجہی کا شکار سگھڑ فنکار محمد اسماعیل کیھر کی مدد کیلئے تاج ویلفیئر فاؤنڈیشن میدان میں آگئی،
جیکب آباد کے ایک پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے نامور سگھڑ فنکار اور لوک ادب کے رکھوالے، جو حکومتی بے حسی اور محکمہ ثقافت کی عدم توجہی کے باعث شدید مایوسی کا شکار تھے، ان کی پکار پر تاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے لبیک کہہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق، تاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین احمد رند نے فنکار محمد اسماعیل کیھر کی کسمپرسی کی حالت کا نوٹس لیتے ہوئے ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر احمد رند نے فنکار کی ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی لکھی ہوئی شاعری کو کتابی شکل دینے کے لیے “کمپوزنگ” کے تمام مالی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا۔ چیئرمین تاج ویلفیئر نے فنکار کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں سندھ کی روایتی سوغات “اجرک” بھی پہنائی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد رند کا کہنا تھا کہ “یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ہمارے وہ فنکار جو ہماری ثقافت اور لوک ادب کے وارث ہیں، آج کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ محکمہ ثقافت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے ہیروں کی قدر کرے، لیکن افسوس کہ انہیں ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے۔”
احمد رند نے سندھ حکومت، وزیرِ ثقافت، اور ضلع کے منتخب نمائندوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ مذکورہ سگھڑ فنکار کی مالی امداد کی جائے اور ان کے فن کو محفوظ بنانے کے لیے سرکاری سطح پر اقدامات کیے جائیں تاکہ ہماری قدیم ثقافت دم نہ توڑے۔
فنکار محمد اسماعیل کیھر نے اس موقع پر احمد رند اور تاج ویلفیئر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مدد سے ان کی کتاب کی اشاعت کا خواب پورا ہو سکے گا۔