سکھر( بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز ) سندھ اورینٹل عربک ٹیچرز ایسوسی ایشن سکھر ڈویژن کی کال پر سکھر بورڈ کی مبینہ زیادتیوں، ناانصافیوں اور عربی مضمون سے متعلق پالیسیوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں عربی اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز، بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے اور سکھر بورڈ انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ “زیادتیاں نامنظور”، “عربی اساتذہ کو انصاف دو” اور “سکھر بورڈ ہوش میں آؤ” جیسے نعرے لگائے گئے بعد ازاں مظاہرین ریلی کی صورت میں سکھر بورڈ آفس پہنچے، جہاں انہوں نے علامتی بھوک ہڑتال بھی کی جبکہ کچھ اساتذہ زمین پر بیٹھ کر احتجاج ریکارڈ کراتے رہے اس موقع پر ایسوسی ایشن کے رہنماؤں مولانا محمود چاچڑ، حافظ غلام مصطفیٰ چاچڑ، عزیز الرحمن سمیجو، عبدالکریم انڑ، عمر فاروق بھٹو اور دیگر سینئر اساتذہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھر بورڈ کی جانب سے عربی مضمون کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ پیپر سیٹنگ، مارکنگ اور نتائج میں بے ضابطگیاں معمول بن چکی ہیں، جس سے نہ صرف اساتذہ بلکہ طلبہ کا مستقبل بھی داؤ پر لگ گیا ہے انہوں نے کہا کہ کئی اساتذہ کو ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے اور ترقیوں، تقرریوں اور ڈیوٹیوں میں بھی شفافیت کا فقدان ہے رہنماؤں نے مزید کہا کہ بار بار احتجاج اور درخواستوں کے باوجود سکھر بورڈ انتظامیہ ان کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی انہوں نے مطالبہ کیا کہ عربی مضمون کو لازمی اہمیت دی جائے اور اساتذہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا فوری ازالہ کیا جائے مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات جلد تسلیم نہ کیے گئے تو وہ اپنے احتجاج کا دائرہ بڑھاتے ہوئے سکھر بورڈ آفس کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کریں گے