November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)میونسپل کمشنر پیر واحد بخش کی زیر صدارت ان کے دفتر میں

IMG-20260327-WA0249

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)میونسپل کمشنر پیر واحد بخش کی زیر صدارت ان کے دفتر میں شہر میں شروع کئے جانے والے ڈی سیلٹنگ کے کاموں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایکسین نعمان کلہوڑو، سینئر ایڈوائزر ٹو میئر عابد علی انصاری، یوسی چیئرمین اظہر اعوان، وائس چیئرمین علی حسن میرانی، ثاقب راجپوت، پی ایس ٹو میئر نذر محمد، انجینئرز ظہور دھاریجو و عبدالرزاق منگی، سندھ سالڈ ویسٹ کے سجاد سرہیو، رضوان بہاری، انچارج انڈر گراؤنڈ خالد غوری، بلدیہ کی جانب سے مقرر فوکل پرسن اویس چنہ، تینوں ٹاؤنز کے فوکل پرسنز، ٹھیکیداران اور متعلقہ عملے نے شرکت کی۔ اجلاس میں برسات کے متوقع موسم سے قبل شہر بھر کے نالوں، مین ہولز اور انڈر گراؤنڈ ڈرینج سسٹم کی بروقت اور معیاری ڈی سیلٹنگ کو یقینی بنانے کے لیے جامع لائحہ عمل ترتیب دیا گیا اور ٹھیکیداروں سے ان کے کام کا مکمل پلان اور موجودہ لیبر و مشینری کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔ میونسپل کمشنر نے واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام کام مقررہ معیار کے مطابق اور مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں جبکہ یوسی چیئرمینز کی جانب سے ٹھیکیداروں کے تسلی بخش کام کا باقاعدہ سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا، بصورت دیگر ادائیگیاں نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ناقص یا غیر تسلی بخش کام کی صورت میں متعلقہ ٹھیکیداروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ اجلاس میں ٹاؤن مکی شاہ کے لیے فوکل پرسن ثاقب تاجپوت و حسن گردیزی اور ٹھیکیدار روی کمار، ٹاؤن جیئے شاہ کے لیے فوکل پرسن فرحان شیخ اور ٹھیکیدار راؤ شہزاد، جبکہ ٹاؤن نثار صدیقی کے لیے ٹھیکیدار یعقوب گل کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جبکہ مجموعی طور پر تینوں ٹاؤنز میں ڈی سیلٹنگ کے تمام امور کی نگرانی اور کوآرڈینیشن کے لیے اویس چنہ کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا، اجلاس کے اختتام پر میونسپل کمشنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔