November 17, 2026

سکھر: ریلوے ملازمین کی مشکلات اور قربانیاں، اسٹیشن ماسٹر کی ریٹائرمنٹ تقریب میں جذباتی اظہار

Screenshot_2026-03-25_072902

سکھر: ریلوے ملازمین کی مشکلات اور قربانیاں، اسٹیشن ماسٹر کی ریٹائرمنٹ تقریب میں جذباتی اظہار

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی بیورو چیف دعا ان لاین نیوز )پاکستان ریلوے پریم یونین (سی بی اے) کے مرکزی سیکرٹری جنرل خیر محمد تنیو نے کہا ہے کہ سکھر ڈویژن میں ریل کی پہیے کو چلاتے رہنے کے لیے ریلوے ملازمین نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا دکھ یہ ہے کہ یہ مزدور اکثر حادثات میں شہادت پا جاتے ہیں۔ ریلوے لائن پر اندھیری راتوں، بارش اور شدید گرمی میں بھی یہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر کام کرتے ہیں، لیکن افسوس ان کے گھر والوں کو شہادت کے واجبات بھی نہیں ملتے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اسٹیشن ماسٹر جو ریلوے نظام چلا رہے ہیں، کئی اسٹیشنوں پر عملے کی کمی کی وجہ سے شدید دباؤ میں ہیں اور 18 سے 24 گھنٹے ڈیوٹی کرنے پر مجبور ہیں، جس کی وجہ سے کئی اسٹیشن ماسٹر اس فانی دنیا سے کوچ کر گئے ہیں اور کئی بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ ان کے باوجود بھی وہ ریلوے نظام کو جاری رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔یہ اظہار انہوں نے روہڑی ریلوے اسٹیشن پر اسٹیشن ماسٹر نثار احمد سومرو کی ریٹائرمنٹ پر منعقد الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر ڈپٹی ڈی ایس سکھر معلم خان، ڈی پی او سکھر محسن سیال، ڈی ایم او مقصود اعواݨ، عبدالخالق مہر، سمپارس یونین اور دیگر ریلوے افسران و ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے دوران اسٹیشن ماسٹر نثار احمد سومرو کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ انہوں نے اپنی جوانی کے قیمتی سال پاکستان ریلوے کے لیے وقف کیے۔ شرکاء نے انہیں سندھی روایات کے مطابق اجرک، ٹوپی اور پھولوں کے ہار پہنائے اور ان کے لیے دعائیں کیں۔ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے یونین لیڈران نے کہا کہ اسٹیشن ماسٹر کے اہم فرائض ٹرین آپریشن کی نگرانی، ٹرینوں کی آمد و رفت، شیڈول اور سگنلنگ نظام کو سنبھالنا، قواعد و ضوابط پر عمل کروانا اور ریلوے کے قوانین و پروٹوکول پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود وہ اپنا فرض ادا کر رہے ہیں، لیکن افسوس کہ ملازمین کو وقت پر تنخواہیں بھی نہیں ملتیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے جائز مطالبات منظور کیے جائیں۔