November 17, 2026

سکھر میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ، شہری موٹر سائیکلوں سے محروم

IMG-20260325-WA0007

سکھر میں چوری کی وارداتوں میں اضافہ، شہری موٹر سائیکلوں سے محروم
ایس ایس پی سے نوٹس لینے کا مطالبہ، متاثرہ شہری کا پریس کلب کے باہر احتجاج

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر پولیس کی جانب سے جرائم کے خاتمے کے بلند و بانگ دعوؤں کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم چوروں کی وارداتیں مسلسل جاری ہیں۔ گذشتہ روز شہر کے متعدد علاقوں میں چوروں نے کئی شہریوں کو موٹر سائیکلوں اور ایک کار سے محروم کر دیا، جس کے بعد شہری اور سماجی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔متاثرہ شہریوں اور علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سمیت ایس ایس پی سکھر سے نوٹس لے کر چوروں کے خلاف موثر کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پہلی واردات تھانہ اے سیکشن کی حدود بندر روڈ پر پیش آئی، جہاں دو نامعلوم مسلح افراد نے وجے کمار سے ان کی سی ڈی موٹر سائیکل (ماڈل 2026، رنگ لال) چھین کر فرار ہو گئے۔اسی تھانے کی حدود میں حرا اسپتال کے باہر سے نامعلوم چور احسان اللہ کی سی ڈی 70 موٹر سائیکل (رجسٹریشن نمبر SNM-5165، ماڈل 2025، رنگ لال) چوری کر کے فرار ہو گئے۔تھانہ اے سیکشن کی حدود میں ہی بے نظیر پارک کے باہر سے امام دینو شر کی رائیڈر موٹر سائیکل (ماڈل 2025، رنگ کالا) بھی چوری ہو گئی۔دوسری جانب تھانہ سی سیکشن کی حدود قاسم پارک کے باہر سے خورشید میرانی کی سی ڈی 70 موٹر سائیکل (رجسٹریشن نمبر AFR، ماڈل 2026، رنگ لال) نامعلوم چور اُڑا لے گئے۔اسی دوران تھانہ اے سیکشن کی حدود میانی روڈ سے فہد ملک کی 2D کرولا کار (رجسٹریشن نمبر APZ-111، ماڈل 2007، رنگ گولڈن) بھی نامعلوم چور چوری کر کے فرار ہو گئے۔دوسری جانب تھانہ سائیٹ ایریا کی حدود میں رمضان المبارک کی 27 تاریخ کو محمد اکرم لکھن کی موٹر سائیکل (سی ڈی 70، ماڈل 2020، رجسٹریشن نمبر SMW-8225) ان کے گھر کے باہر سے چوری ہو گئی۔اس واقعہ کے بعد متاثرہ شہری محمد اکرم لکھن نے سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ ان کی موٹر سائیکل کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔ انہوں نے پولیس کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شہری اور سماجی حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس کی اعلیٰ حکام بشمول ایس ایس پی سکھر شہر میں بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں کو نظر انداز کر رہے ہیں۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چوری کی ان وارداتوں میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور متاثرہ شہریوں کی قیمتی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بازیاب کروائی جائیں۔واضح رہے کہ چند روز کے دوران ہی سکھر کے مختلف علاقوں سے درجنوں موٹر سائیکلیں چوری ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے بعد شہریوں میں پولیس کی کارکردگی پر عدم اعتماد پایا جاتا ہے۔
[24/03, 5:25 pm] Zia Ufone: روہڑی میں جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ اور نئے پل منصوبے کا جائزہ، عوام کو صاف پانی کی مفت فراہمی حکومت کی اولین ترجیح: صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ

سکھر(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے روہڑی میں سندھ کے پہلے جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت، تکنیکی پہلوؤں اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے روہڑی-سکھر کے درمیان نئے پل کے مجوزہ منصوبے پر بھی روشنی ڈالی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ روہڑی شہر کے عوام کو صاف اور معیاری پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے ایک اہم اور منفرد منصوبہ جلد شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت شہریوں کو مفت صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی لاگت تقریباً 66 کروڑ روپے ہے اور یہ منصوبہ نہ صرف روہڑی بلکہ ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کے لیے بھی نہایت مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صاف پانی کا منصوبہ ایک ماڈل پراجیکٹ کی حیثیت رکھتا ہے جسے پورے سندھ میں روہڑی سے شروع کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق عوام تک بنیادی سہولیات، خصوصاً صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے لینس ڈاؤن پل کے متبادل نئے پل کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے سکھر اور روہڑی کے درمیان آمد و رفت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ٹیکنیکل ٹیمیں نئے پل کے ڈیزائن اور مقام کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں اور جلد اس منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پل نہ صرف مقامی ٹریفک کے لیے سہولت فراہم کرے گا بلکہ بلوچستان اور پنجاب سے آنے والے مسافروں کو بھی فائدہ پہنچائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت تنقید کا جواب دینے کے بجائے عملی کام پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور بلدیاتی ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے سیاسی سوالات کے جواب میں کہا کہ بعض عناصر بلاجواز پروپیگنڈا کر رہے ہیں جس کی کوئی حقیقت نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اپنی آئینی ذمہ داریوں کے تحت عوامی خدمت میں مصروف ہے اور تمام اداروں کا احترام کیا جاتا ہے۔ عالمی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی حالات کے پیش نظر توانائی کے بحران سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت ایندھن کے استعمال میں کمی لانے اور توانائی کے وسائل کے بہتر استعمال کے لیے حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے، جس کے تحت سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عالمی سطح پر کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے تو توانائی کے مسائل بھی بڑھ سکتے ہیں، لہٰذا پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے برادر ممالک کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ آخر میں صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔