November 17, 2026

سکھر: ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بدعنوانی، شہری سبز علاقے جانوروں کی نذر، سول سوسائٹی کا احتجاج

IMG-20260325-WA0569

سکھر: ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بدعنوانی، شہری سبز علاقے جانوروں کی نذر، سول سوسائٹی کا احتجاج

سکھر(بیورورپورٹ)بیسک ہیومن رائٹس انٹرنیشنل کونسل آف پاکستان کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری سید نسیم عباس شاہ نے کہا ہے کہ سکھر شہر میں ترقیاتی منصوبے مبینہ بدعنوانی، ناقص منصوبہ بندی اور محض دکھاوے کے اقدامات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ملٹری روڈ پر 50 سے زائد مینھوں کا ریوڑ شہر میں نئے لگائے گئے پودوں کو چرتے دیکھا گیا، جو عوامی فنڈز سے تیار کیے گئے گرین پروجیکٹ کا حصہ تھے۔ذرائع کے مطابق اس دوران اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی اور نیو تعلقہ کی جانب سے جانوروں پر ڈیفنس 144 کے تحت ’لاک ڈاؤن‘ لگانے کے دعوے بھی محض کاغذی کارروائی ثابت ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ واقعات سکھر میں طویل عرصے سے جاری ترقیاتی منصوبوں میں بدعنوانی کی محض ایک جھلک ہیں۔ذرائع کے مطابق شہر کی سڑکیں اور شجرکاری منصوبے، جو کروڑوں روپے کے منصوبوں کا حصہ ہیں، ناقص تعمیر، ناکافی دیکھ بھال اور جان بوجھ کر خراب کیے گئے ڈھانچے کی وجہ سے مسلسل نقصان اٹھا رہے ہیں۔ مقامی ذرائع اور انکشافات کے مطابق کچھ ٹھیکیدار میونسپل کارپوریشن اور روڈز ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے ساتھ مل کر منصوبوں میں تبدیلیاں کراتے ہیں۔ یہ تبدیلیاں اکثر ’تکنیکی بہتری‘ کے نام پر منظور کی جاتی ہیں، جبکہ اصل مقصد عوامی رقم کا بےجا استعمال ہوتا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں میں کئی منصوبوں پر کروڑوں روپے کے اضافی بل منظور کیے گئے، جبکہ اکثر منصوبے یا تو ادھورے رہ گئے یا پھر ناقص معیار کے ساتھ تیار کیے گئے۔ تحقیقی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکھر میں منصوبے اکثر مناسب نکاسی آب کے نظام، کوالٹی چیک اور طویل المدتی منصوبہ بندی کے بغیر کیے جاتے ہیں۔ اس وجہ سے معمولی بارش بھی سڑکوں کو بہا لے جاتی ہے اور نئے لگائے گئے درخت اور سبز علاقے مینھوں اور دیگر جانوروں کی وجہ سے تباہ ہو جاتے ہیں۔شہر کی تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے اراکین نے اس بدعنوانی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف مینھوں یا پودوں کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ ہر ترقیاتی منصوبے کے پیچھے چھپی بدعنوانی کی کھلی مثال ہے۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو سکھر کبھی ترقی نہیں کرے گا اور عوام کے کروڑوں روپے ضائع ہوتے رہیں گے۔رپورٹس کے مطابق صرف گزشتہ دو سالوں میں سکھر کے ترقیاتی منصوبوں پر لاکھوں روپے کے اضافی بل منظور کیے گئے ہیں۔ شہری ترقی کے منصوبے جیسے سڑکیں اور سبز علاقے ناقص معیار کی وجہ سے بار بار مرمت کے محتاج بن گئے ہیں۔ اگر یہ رویہ جاری رہا تو مستقبل میں تمام منصوبے محض کاغذی کارروائی اور عوام کے پیسوں کی لوٹ مار کا ذریعہ بن کر رہ جائیں گے۔سید نسیم عباس شاہ نے اعلیٰ حکام اور انسداد بدعنوانی کے اداروں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو سکھر کے ترقیاتی منصوبے مکمل ناکامی سے دوچار ہو جائیں گے اور شہر کی ترقی ہمیشہ کے لیے متاثر ہو گی۔اب سوال یہ ہے کہ کیا میونسپل کارپوریشن، روڈز ڈیپارٹمنٹ اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں موجود افسران اس بدعنوانی کے جال کو ختم کرنے کے لیے قدم اٹھائیں گے، یا سکھر ہمیشہ کے لیے ترقیاتی ناکامی کی کہانی بن کر رہ جائے گا؟