November 17, 2026

سکھر: روہڑی محلہ بھٹہ میں چنہ برادری کی خاتون کا بااثر شخص کے خلاف احتجاج، بیٹے کی لاتعلقی کا اشتہار بھی پیش

IMG-20260325-WA0567

سکھر: روہڑی محلہ بھٹہ میں چنہ برادری کی خاتون کا بااثر شخص کے خلاف احتجاج، بیٹے کی لاتعلقی کا اشتہار بھی پیش

سکھر(بیورورپورٹ)روہڑی محلہ بھٹہ میں رہائش پذیر چنہ برادری سے تعلق رکھنے والی خاتون مسمات سکینہ زوجہ ممتاز علی چنہ نے سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور علاقے کے بااثر بھٹو برادری کے افراد پر ظلم و زیادتی کا الزام عائد کیا۔احتجاج کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسمات سکینہ نے بتایا کہ ان کا بیٹا آصف چنہ بری صحبت اور غلط سنگت میں پڑ گیا تھا، جس کی وجہ سے انہوں نے اپریل 2022 میں اخبار میں اشتہار دے کر اس سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اس اشتہار کا کاپی بطور ثبوت بھی پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد سے ان کا اور دیگر گھر والوں کا آصف سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ بااثر شخص رفیق بھٹو کے گھر چوری ہونے کے بعد انہوں نے آصف چنہ کو حراست میں لے رکھا ہے۔ مسمات سکینہ کے مطابق رفیق بھٹو ان کے گھر آ کر دھمکیاں دے رہا ہے کہ اگر چوری شدہ اشیاء کی تلافی نہ کی گئی تو ان کی زندگی اجیرن کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب ان کا بیٹے سے کوئی تعلق نہیں ہے تو انہیں کس وجہ سے پریشان کیا جا رہا ہے؟احتجاجی خاتون نے اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے پرزور مطالبہ ہے کہ رفیق بھٹو کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی چوری کے واقعے میں ملوث ہے اسے سخت سے سخت سزا دی جائے اور متاثرہ خاندان کو تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔