November 17, 2026

یہ قانونی جنگ جھنگ کے ایک سرکاری تعلیمی ادارے میں پیش آنے والے ایک سنگین واقعے اور اس کے بعد

Screenshot

Screenshot

یہ قانونی جنگ جھنگ کے ایک سرکاری تعلیمی ادارے میں پیش آنے والے ایک سنگین واقعے اور اس کے بعد ہونے والی طویل قانونی جنگ کے گرد گھومتی ہے۔ کہانی کا آغاز مسماۃ مہوش ریاض نامی ایک ایڈہاک ٹیچر کی شکایت سے ہوتا ہے، جو گورنمنٹ گرلز ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ میں تعینات تھیں۔ انہوں نے وہاں کے ڈرائنگ ماسٹر (DM) عمر شہزاد پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا۔ مہوش کے مطابق، عمر شہزاد نہ صرف ان پر نازیبا نظریں رکھتا تھا بلکہ مسلسل غیر اخلاقی پیغامات بھیج کر ناجائز تعلقات استوار کرنے کے لیے دباؤ ڈالتا تھا۔ وہ اپنی سرکاری حیثیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دھمکیاں دیتا تھا کہ اگر اس کی بات نہ مانی گئی تو وہ مہوش کے تقرری کے آرڈر منسوخ کروا دے گا۔
معاملہ اس وقت مزید بگڑ گیا جب ستمبر 2022 کی ایک رات عمر شہزاد مبینہ طور پر مہوش کی سرکاری رہائش گاہ پہنچ گیا۔ وہاں اس نے زبردستی گھر میں داخل ہو کر زیادتی کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں مہوش کے کپڑے پھٹ گئے اور اس نے مزاحمت کرتے ہوئے ریسکیو 15 پر کال کر دی، جس پر ملزم وہاں سے فرار ہو گیا۔ اس واقعے کے بعد مہوش نے محتسب پنجاب (Ombudsperson) سے رجوع کیا۔ محتسب نے Evidence ریکارڈ کرنے کے بعد ڈی ایم عُمر شہزاد کو guilty قرار دیا اور عُمر شہزاد کو Major Penalty سزا دیتے ہوئے برطرف کرنے کے احکامات جاری کئیے۔
دوسری طرف، عمر شہزاد نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ اس نے مہوش کے بھائی کو الاٹ شدہ کوارٹر کی منسوخی کے احکامات جاری کیے تھے، جس کا بدلہ لینے کے لیے یہ جھوٹی کہانی گھڑی گئی ہے۔ اس نے یہ قانونی نکتہ بھی اٹھایا کہ چونکہ یہ واقعہ دفتر کے بجائے گھر پر پیش آیا اور اس کے خلاف پہلے ہی ایک فوجداری مقدمہ درج ہے، اس لیے محتسب کو اس معاملے کی سماعت کا اختیار نہیں ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے اس کیس کی سماعت کرتے ہوئے ایک تاریخی فیصلہ سنایا۔ عدالت نے واضح کیا کہ قانون کی نظر میں “کام کی جگہ” (Workplace) صرف دفتر کی چار دیواری تک محدود نہیں ہے۔ اگر کوئی افسر اپنی سرکاری طاقت یا اثر و رسوخ کا استعمال کر کے کسی ماتحت کو دفتر سے باہر یا ڈیجیٹل پیغامات (واٹس ایپ) کے ذریعے ہراساں کرتا ہے، تو وہ بھی اسی قانون کے دائرے میں آتا ہے۔ عدالت نے عمر شہزاد کی طرف سے واٹس ایپ پیغامات کی تردید نہ کرنے اور متاثرہ خاتون کے موقف میں تسلسل کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے قصوروار ٹھہرایا اور اسے ملازمت سے برطرف کرنے کی سزا کو برقرار رکھا۔

اسی طرح ایک اور حالیہ واقعہ سیف سٹی لاہور، جس میں ایک ڈی ایس پی نے اپنی ہی ماتحت خاتون کانسٹیبل کو نازیبا پیغامات بھیجے اور اسے ہراساں کرنے کی کوشش کی، اس سنگین صورتحال کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اگرچہ سی پی او سیف سٹی نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ افسر کو کلوز ٹو لائن کر دیا ہے، لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا محض لائن حاضر کرنا ایسے گھناؤنے فعل کا مداوا ہے؟ کیا قانون کی گرفت ان بااثر افسران پر بھی ویسی ہی مضبوط ہوگی جیسی کسی عام شہری پر ہوتی ہے؟ کیا طاقت کے نشے میں چور ان جیسے افراد کا انجام بھی عبرت ناک ہوگا؟
اصل مسئلہ یہ ہے کہ جب تک عہدوں اور رینک کے پیچھے چھپے ان کرداروں کو کڑی سزا نہیں ملے گی، تب تک کام کی جگہوں پر خواتین خود کو محفوظ محسوس نہیں کر سکیں گی۔ خواتین کے لیے اب وقت آ گیا ہے کہ وہ خاموشی کی چادر اوڑھ کر ظلم سہنا بند کریں۔ خاموشی دراصل ہراساں کرنے والے کے حوصلے بلند کرتی ہے۔ ہمارے ملک میں خواتین کو کام کی جگہ پر تحفظ فراہم کرنے کے قوانین موجود ہیں، ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ڈرنے کے بجائے ان قوانین کا سہارا لیا جائے اور آواز اٹھائی جائے۔ معاشرہ تبھی بدلے گا جب بااثر مجرم کو اس کے کیے کی پوری سزا ملے گی اور کوئی بھی عہدہ قانون سے بالاتر نہیں ہوگا۔

پاکستان کے وہ قوانین جو خواتین کو کام کی جگہ پر تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ ان کا تفصیلی ذکر،
Protection Against Harassment of Women at the Workplace Act, 2010:
یہ اس کیس کا بنیادی قانون ہے۔ اس کے تحت “ہراسانی” کی تعریف میں صرف جسمانی تشدد ہی نہیں بلکہ غیر اخلاقی گفتگو، پیغامات، نازیبا اشارے اور سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال (Abuse of Authority) بھی شامل ہے۔
• سیکشن 2(n) اور 2(h): قانون کے اس سیکشن کے مطابق “کام کی جگہ” میں وہ تمام مقامات اور حالات شامل ہیں جو کسی بھی طرح سرکاری کام یا ملازمت کے تعلق سے جڑے ہوں۔ اسی لیے عدالت نے گھر پر پیش آنے والے واقعے کو بھی دفتری ہراسانی قرار دیا کیونکہ ملزم نے اپنی افسرانہ حیثیت کا ناجائز فائدہ اٹھایا تھا۔

آئینہ عدالت ؛ احسن یار چھینہ، ایڈووکیٹ ھائ کورٹ