November 17, 2026

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز سکھر کی فضا میں تعفن کا معمہ حل، انتظامیہ کی کارروائی، دو بڑی فیکٹریاں بند

IMG-20260325-WA0026

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز
سکھر کی فضا میں تعفن کا معمہ حل، انتظامیہ کی کارروائی، دو بڑی فیکٹریاں بند

سکھر(بیورورپورٹ)گزشتہ کئی روز سے سکھر شہر اور گردونواح میں رات کے اوقات میں پھیلنے والی شدید ناگوار بدبو نے شہریوں کو پریشان کر رکھا تھا۔ بالآخر ضلعی انتظامیہ نے اس مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بدبو کے ماخذ تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر بشرہ منصور نے سندھ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) کے حکام کے ہمراہ سائٹ ایریا کا ہنگامی دورہ کیا۔ معائنے کے دوران دو فیکٹریوں میں ماحولیاتی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں، جس کے بعد انتظامیہ نے سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے ان کے آپریشنز معطل کر دیے۔ذرائع کے مطابق “خادم صابن فیکٹری” پر ماحولیاتی ادارے (SEPA) سے این او سی حاصل کیے بغیر کام کرنے کا انکشاف ہوا۔ مزید برآں، فیکٹری میں برنرز کے لیے کوئلے یا گیس کی بجائے ممنوعہ پلاسٹک کچرا جلایا جا رہا تھا، جس سے زہریلے دھوئیں اور تعفن پھیل رہا تھا۔ یہ عمل شہریوں کے لیے شدید صحت کا خطرہ بن چکا تھا۔دوسری جانب “فیصل فیڈ فیکٹری” میں عید کی تعطیلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مقررہ حد سے زائد مرغی اور مچھلی کی باقیات کو پراسیس کیا گیا، جس کے باعث علاقے میں بدبو کی شدت انتہائی حد تک بڑھ گئی۔ انسپکشن ٹیم نے موقع پر موجود شواہد کی بنیاد پر دونوں فیکٹریوں کے خلاف فوری کارروائی کی۔اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر بشرہ منصور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سیپا حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ صابن فیکٹری کو سیکشن 33 کے تحت نوٹس جاری کر کے فوری طور پر سیل کیا جائے، جبکہ فیڈ فیکٹری کا ازسرِنو ماحولیاتی آڈٹ (EIA) کر کے بھاری جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب تک دونوں کارخانے بدبو کے خاتمے کے لیے جدید فلٹرز اور سائنسی طریقہ کار اختیار نہیں کر لیتے، انہیں دوبارہ کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔شہریوں نے انتظامیہ کی اس فوری اور ٹھوس کارروائی کا خیرمقدم کیا ہے۔ مقامی باشندوں نے امید ظاہر کی کہ اب وہ تعفن سے پاک ماحول میں سکون کا سانس لے سکیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روزوں میں سوشل میڈیا پر بھی سکھر کے شہریوں کی جانب سے بدبو کے خلاف سخت احتجاج کیا جا رہا تھا، جس کے بعد انتظامیہ متحرک ہوئی تھی۔