سکھر(بیورورپورٹ بیورو چیف سید نصیر حسین زیدیپاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان
سکھر(بیورورپورٹ بیورو چیف سید نصیر حسین زیدیپاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اب باقاعدہ جنگ سے بڑھ کر ایک بڑی معاشی جنگ میں تبدیل ہو چکی ہے، جس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔وہ سکھر میں سنی تحریک کے مرکزی نائب صدر حافظ محبوب سھتو کی جانب سے منعقدہ عید ملن پارٹی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر معاشی مشکلات جنم لے رہی ہیں اور کئی ممالک، جو پہلے امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں تھے، اب پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے پیچھے ہٹتے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ جنگ طویل ہو سکتی ہے اور اس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے، اس لیے قوم کو ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ان مسلم ممالک پر حملے ہو رہے ہیں جہاں امریکی اڈے موجود ہیں، تاہم جن ممالک سے امریکی اڈے استعمال نہیں ہو رہے، وہاں ایران کو کارروائی سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ جتنی جلدی ختم ہوگی، اتنا ہی عالمی امن اور معیشت کے لیے بہتر ہوگا۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ ایران کو اس جنگ میں کافی نقصان اٹھانا پڑا ہے لیکن اس کے باوجود وہ مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کے مطابق امریکا نے ابتدا میں اندازہ لگایا تھا کہ یہ جنگ زیادہ سے زیادہ دو ہفتے جاری رہے گی، لیکن اگر اسے طویل جنگ کا علم ہوتا تو شاید وہ اس میں شامل نہ ہوتا۔خورشید شاہ نے خبردار کیا کہ اس صورتحال کے پاکستان پر بھی گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں اور ملک کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو جنگ بندی کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ خطے میں امن قائم ہو سکے۔افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ افغانستان کو اسرائیل اور بھارت کے ہاتھوں استعمال کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ چالیس برسوں سے افغان مہاجرین کو پناہ دی اور ان کی بھرپور خدمت کی، مگر اس کے باوجود افغانستان کا رویہ افسوسناک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی مسلم ملک ایسا طرزِ عمل اختیار نہیں کر سکتا جیسا کہ افغانستان اس وقت کر رہا ہے، جو قابل تشویش اور افسوسناک ہے۔