خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر شہریوں کو بروقت اور مؤثر
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر شہریوں کو بروقت اور مؤثر ایمرجنسی سروسز کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ریسکیو 1122 کی جانب سے خصوصی ایمرجنسی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو خوشاب علی حسین کی ہدایات پر ریسکیو سٹاف کی ایمرجنسی ڈیوٹیز لگا دی گئی ہیں جبکہ ضلع بھر میں تینوں تحصیلوں کے بھی اہم مقامات پر ریسکیو ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔
عید کے اجتماعات کے پیش نظر مساجد، عیدگاہوں، تفریحی مقامات اور اہم شاہراہوں پر ریسکیو پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔ ان ریسکیو پوسٹوں کے ساتھ ایمرجنسی وہیکلز، ایمبولینسز اور موٹر بائیک ایمبولینس سروسز کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی حادثہ یا ایمرجنسی کی صورت میں شہریوں کو فوری اور بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ڈسٹرکٹ آفیسر علی حسین نے اپنے پیغام میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عید کی خوشیوں کو محفوظ بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں والدین اپنے بچوں کو ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ سے سختی سے روکیں ندی نالوں نہروں،دریا اور چشموں پر جانے سے گریز کریں انہوں نے کہا کہ تھوڑی سی احتیاط کسی بھی بڑے حادثے سے بچا سکتی ہے، لہٰذا ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں تاکہ عید کی خوشیاں کسی سانحہ میں تبدیل نہ ہوں ریسکیو 1122 عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔