*چین کی گارنٹی – عرب، ترکیہ اور پاکستان غور کریں
*چین کی گارنٹی – عرب، ترکیہ اور پاکستان غور کریں*
*چین کی طرف سے ایران کو کنٹرول کرنے کی گارنٹی کی روشنی میں عرب ممالک کو چاہیئے کہ امریک کو اپنی سر زمین سے ایران پر نا جائز حملوں سے روکیں! در حقیقت اگر عرب، ترک اور سُنِّی ناقدین ایران کی مشتبہ پالیسیز پر انگلیاں اٹھاتے ہیں تو اب اس میں بھی کسی دوسری رائے کی گنجائش نہیں کہ پوچھا جائے کہ عرب ممالک اور ترکیہ کے پاس امریکہ کو ان کی سر زمین پر اڈے دیئے رکھنے اور وہاں سے کسی بھی مسلم ملک پر حملوں کا کیا منطقی جواز ہے؟*
*پہلی عراق جنگ میں صدام حسین نے کویت پر قبضہ کیا، دوسری عراق جنگ میں عراق کا کیا قصور تھا جب عرب ممالک اور ترکیہ نے امریکہ اور نیٹو کو اپنی سرزمین سے حملوں کی اجازت دی؟ افغانستان نے کس عرب ملک یا ترکیہ کی چھیڑ کی تھی کہ ان کی سر زمین سے امریکی طیارے افغانستان پر کارپٹ بمباری کرتے رہے؟ اقوام متحدہ کے حکم پر؟ اب امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملوں کی پہل کی تو ایران نے کس عرب ملک یا ترکیہ کو چھیڑا تھا جو ان کی سر زمین سے ایران پر حملوں کی اجازت دی گئی؟ اب وہ اقوام متحدہ کہاں ہے؟*
*سوال یہ ہے کہ جب عرب اور ترکیہ کی سر زمین پر موجود امریکی اڈے عرب ممالک اور ترکیہ کو اسرائیل اور ایران دونوں کے حملوں سے نہیں روک سکتے تو ان کا فائدہ؟ عرب ممالک امریکی سفید ہاتھی کو کیوں پال رہے ہیں؟ پہلے تو ان امریکی اڈوں سے جان چھڑانے کی کوشش کرنی چاہیئے، ورنہ کم از کم اپنے تمام اڈوں سے ایران پر مزید نا جائز حملوں کی پابندی لگا دینی چاہیئے!*
*پس پردہ سیاست کچھ بھی ہو لیکن ایران کا یہ مکمل حق ہے کہ جو بھی جہاں سے حملہ آور ہوتا ہے اس پر جوابی حملہ کرے! اگر امریکی عرب ممالک اور ترکیہ میں موجود فوجی اڈوں سے ایران پر حملے کرتے ہیں اور ایران بدلے میں ان اڈوں ہر حملے کرتا ہے تو عرب اور ترک بھائی بتائیں ہم ایران پر تنقید کا مارجن کہاں سے لائیں؟*
*زیادہ سے زیادہ ہم ایران کو یہی کہہ سکتے ہیں کہ عرب ممالک اور ترکیہ کے عام شہری علاقوں کو نشانہ نہ بنائے! لیکن! اگر امریکہ بہادر ان کی سر زمین سے ایران کی گیس اور آئل فیلڈز اور رہائشی علاقوں پر حملے کرتا ہے تو کون سا لاجک، دین، قانون اور اخلاقیات کہتی ہے کہ ہم ایران کو جوابی حملے سوچ سمجھ کر کرنے کی نصیحت کریں؟*
*اگر عرب ممالک کسی بھی مجبوری میں امریکی فوجی اڈے قائم رکھنا چاہتے ہیں تو ان کی مرضی اور ختم کرنا چاہئیں تو بھی ان کی مرضی! ختم کرنے کی صورت میں اگر انھیں ایران سے خطرات ہوں تو ایران کی گارنٹی امید ہے پاکستان اور چین دے سکتے ہیں! اس کے بعد عرب ممالک کیلئے کون سی رکاوٹ اور جھجھک باقی رہ جاتی ہے! اس پس منظر اور ماحول کے باوجود بھی اگر عرب ممالک اور ترکیہ امریکہ کو ان کی سرزمین پر موجود فوجی اڈے دینے پر اصرار جاری رکھتے ہوئے جوابی ایرانی اقدام کو اپنی سلامتی پر حملہ قرار دیتے ہیں تو انھیں اس کا لاجک اور وجہ تو بتانی ہی پڑے گی!*
*ہم بطور عام پاکستانی عوام اپنے حکام کو کہنا چاہئیں گے کہ جب تک عرب ممالک اور ترکیہ ایران کے خلاف اپنے افعال اور اقدام کی منطقی تنصیف نہیں کرتے پاکستان بھی ان کے ساتھ ایران مخالف اقدام کیلئے معاونت کا قطعاً مکلف نہیں! پاکستانی قوم عربوں اور ترکوں کے دفاع میں اسرائیل کے خلاف مر مٹنے کیلئے ہر دم تیار ہے لیکن بلاوجہ کسی مسلم ملک کے خلاف طبع آزمائی میں کبھی عرب ممالک، ترکیہ اور پاکستانی حکومت کے ساتھ نہیں ہیں!*
*عرب ممالک امریکہ اور اسرائیل کے اس جھانسے میں بھی نہ رہیں کہ ایران میں رجیم چینج کے بعد جو بھی اقتدار میں آئے گا اسے امریکہ اور اسرائیل عربوں کو گلے لگانے کی اجازت دیں گے! ماضی یاد کریں جب سیکولر سمجھے جانے والے شاہ ایران رضا شاہ پہلوی نے شاہ فیصل، ذوالفقار علی بھٹو، معمر قذافی، یاسر عرفات اور صدام حسین کا ساتھ دیا تو امریکہ نے شاہ ایران کو انقلاب کے نام پر نکال باہر کیا تھا! امریکہ اور اسرائیل تو ایک دن اپنا کھیل ختم کر کے جان چھڑا لیں گے لیکن اہل السنۃ و الجماعۃ اور اہل تشیع سو سال تک باہمی الجھن کا شکار رہیں گے! امریکہ اور اسرائیل کی چاہت ہی یہی ہے کہ مسلمان یا تو جنگوں میں لڑ لڑ کر کمزور رہیں یا باہمی الجھن میں بد اعتمادی کا شکار رہیں! کاش! عرب اور ترک بھائی اس پر غور کر سکیں!*