November 17, 2026

گمبٹ اسپتال میں عید کے موقع پر مریضوں کے لیے خصوصی انتظامات

IMG-20260319-WA0165

گمبٹ اسپتال میں عید کے موقع پر مریضوں کے لیے خصوصی انتظامات
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملہ فعال، سرجنز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ

سکھر (بیورورپورٹ)پیر عبدالقادر شاہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) اسپتال گمبٹ نے عیدالفطر کے موقع پر مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اسپتال انتظامیہ نے تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں ڈیوٹی پر رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔گمس اسپتال کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش ڀٽي کی ہدایت پر سرجن ڈاکٹرز اور تمام اسٹاف معمول کے مطابق آپریشنز اور او پی ڈی سرانجام دیتے رہیں گے۔ انتظامی ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو بھی ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں تاکہ مریضوں کی ہر ممکن طبی ضرورت کو بروقت پورا کیا جا سکے۔ترجمان نے بتایا کہ تمام ٹرانسپلانٹس کے ماہر سرجن اور ان کی ٹیمیں عید کے روز بھی فعال رہیں گی۔ عید کے موقع پر مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے خصوصی کھانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔اسپتال انتظامیہ نے سیکورٹی گارڈز کو خصوصی طور پر عید کی چھٹیوں کے دوران چوکس رہنے اور آنے والوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اسپتال میں نظم و ضبط قائم رہ سکے۔ ورکس سے متعلقہ عملے کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جنریٹرز اور دیگر آلات کو فعال رکھیں۔ الیکٹریشن، لیب کلیکشن اور ایمرجنسی سٹاف سمیت تمام عملے کی حاضری یقینی بنائی گئی ہے۔گمس انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی ملازم ڈیوٹی سے غیر حاضر پایا گیا تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عید کے دوران علاج معالجے کی سہولیات متاثر نہ ہوں۔ڈاکٹر رحیم بخش ڀٽي کے یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ عید کی چھٹیوں کے دوران بھی دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔واضح رہے کہ گمس اسپتال ڈاکٹر رحیم بخش ڀٽي کی ذاتی کوششوں سے ایک پسماندہ علاقے کی چھوٹی ڈسپنسری سے ترقی کرتے ہوئے پورے پاکستان کا پانچ انسانی اعضاء کی پیوندکاری کا ایک بڑا میڈیکل سٹی بن چکا ہے۔ ڈاکٹر ڀٽي کی سربراہی میں گمس اسپتال میں سندھ حکومت کے تعاون سے جگر، گردے، بون میرو، بچوں کے دل کے سوراخ کی سرجری، اوپن ہارٹ سرجری سمیت دیگر اعضاء کے سو فیصد مفت ٹرانسپلانٹ کیے جاتے ہیں۔