سکھر ہائی کورٹ کا پرنسپلز کے تبادلے پر اسٹے، محکمہ تعلیم کو نوٹس جاری
سکھر ہائی کورٹ کا پرنسپلز کے تبادلے پر اسٹے، محکمہ تعلیم کو نوٹس جاری
سکھر(بیورورپورٹ)سندھ ہائی کورٹ کے سکھر بینچ نے گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول پنوعاقل اور گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کموں شہید کے پرنسپل کے عہدوں کی منتقلی کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے مذکورہ تبادلوں پر فی الحال عمل درآمد روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے محکمہ تعلیم کے افسران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 اپریل تک جواب طلب کر لیا ہے۔یہ درخواستیں پرنسپل عبدالقیوم واگھو اور پرنسپل واجد علی جکرانی کی جانب سے وکلاء آچر گبول اور غلام نبی بوزدار کے ذریعے دائر کی گئیں۔ عدالتی سماعت جسٹس امجد علی بھٹو اور جسٹس علی حیدر دھاریجانی پر مشتمل دو رکنی آئینی بینچ نے کی۔سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ دونوں اسکولوں کے پرنسپل کے عہدے منتقل کیے جانے کے باعث متاثرہ افراد اب انہی اسکولوں میں منظور شدہ اسامیوں پر بغیر عہدے کے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ عہدوں کی منتقلی کے باعث ان کی تنخواہیں روک دی گئی ہیں، جس سے انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔وکلاء نے عدالت سے استدعا کی کہ مذکورہ پرنسپلز کے عہدے بحال کیے جائیں اور متاثرہ افراد کی تنخواہیں فوری طور پر جاری کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔عدالت نے وکلاء کی دلائل کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں اسکولوں کے پرنسپل کے عہدوں کی منتقلی کے عمل پر اسٹے آرڈر جاری کر دیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے سیکرٹری تعلیم، اسپیشل سیکرٹری تعلیم، ڈائریکٹر ہائیر سیکنڈری ایجوکیشن سکھر اور دونوں اضلاع کے ضلعی تعلیم کے افسران کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 اپریل تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کیس کی مزید کارروائی اسی تاریخ تک ملتوی کر دی ہے۔