سکھر میں بجلی چوروں کے خلاف سیپکو کا کریک ڈاؤن، سیکڑوں غیر قانونی کنکشن منقطع
سکھر میں بجلی چوروں کے خلاف سیپکو کا کریک ڈاؤن، سیکڑوں غیر قانونی کنکشن منقطع
سکھر(بیورورپورٹ)سیپکو کے چیف انجینئر اعجاز احمد چنہ کی خصوصی ہدایت پر سکھر کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا۔ سیپکو حکام نے مختلف سب ڈویژنوں میں ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے اور سیکڑوں غیر قانونی کنکشن منقطع کرتے ہوئے ہزاروں میٹر اور تاروں کو نذر آتش کر دیا۔ذمہ دار حکام کے مطابق یہ آپریشن سیپکو سکھر ایکسین تاج محمد ماکھو کی نگرانی میں کیا گیا۔اس سلسلے میں سب ڈویژن گولیمار کے ایس ڈی او اعجاز عباسی اور سب ڈویژن بندر روڈ کے ایس ڈی او نثار احمد شیخ نے اپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ کارروائیاں کیں۔ آپریشن میں عبد المالک سومرو، فرحان ماکھو، مقصود بھٹی، برکت علی مہر، اعجاز بھٹی، مہتاب چنہ اور دیگر اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔ذرائع کے مطابق آپریشن کا مرکز بنیادی طور پر ملٹری روڈ، شکارپور پھاٹک، نواہ گوٹھ اور بندر روڈ کے اطراف کے علاقے رہے۔سیپکو اہلکاروں نے ان علاقوں میں گھر گھر جا کر چیکنگ کی اور بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف کنکشن منقطع کیے بلکہ موقع پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔آپریشن کے دوران عملے نے بڑی تعداد میں خام تاروں اور چُھپا کر رکھے گئے میٹروں کو برآمد کیا، جنہیں موقع پر ہی نذر آتش کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ بقایا جات کی مد میں لاکھوں روپے وصول کیے گئے اور نادہندگان کو تنبیہ کی گئی کہ وہ فوری طور پر بلز ادا کریں، ورنہ مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔سیپکو حکام کا کہنا ہے کہ چیف انجینئر کی ہدایت پر بجلی چوری کی روک تھام اور بقایا جات کی وصولی کے لیے یہ مہم مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی چور معیشت کے دشمن ہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔