November 17, 2026

سکھر میں عید کی آمد، وطن واپسی کا سلسلہ شروع، ٹرانسپورٹرز کی من مانی سے مسافر پریشان

IMG-20260319-WA0161

سکھر میں عید کی آمد، وطن واپسی کا سلسلہ شروع، ٹرانسپورٹرز کی من مانی سے مسافر پریشان

سکھر (بیورورپورٹ)عید الفطر کی تعطیلات کے آغاز ہوتے ہی سکھر اور گردونواح میں واقع فیکٹریوں، بنگلوں اور دیگر نجی اداروں میں کام کرنے والے تارکین وطن اپنے آبائی علاقوں کی طرف روانہ ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس کے باعث ٹرینوں، بسوں، کوچوں اور دیگر ٹیکسی نما گاڑیوں پر مسافروں کا رش دیکھنے میں آرہا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام ٹرانسپورٹرز کو کرایہ نامہ جاری کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں، تاہم مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز گاڑیوں کی کمی کا بہانہ بنا کر مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کر رہے ہیں۔ بس اسٹینڈز پر رش بڑھنے کے باعث کئی مقامات پر گاڑیوں کی قلت بھی دیکھنے میں آئی، اور ٹرانسپورٹرز اوور چارجنگ میں مصروف رہے۔مسافروں کا کہنا تھا کہ ہر تارک وطن کی خواہش ہوتی ہے کہ عید کا تہوار اپنے پیاروں کے ساتھ گزارے، لیکن اس رش میں آبائی علاقوں کا سفر مشکل بن جاتا ہے۔ اسٹینڈز کے باہر ٹرانسپورٹرز بلیک میلنگ کرتے ہیں اور مسافروں کو مجبوراً اضافی کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے۔دوسری جانب پاکستان ریلویز نے عید الفطر کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے پانچ خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریلویز ذرائع کے مطابق پہلے سے چلنے والی ٹرینوں میں اضافی کوچز لگانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، تاکہ رش کے دوران مسافروں کو راحت فراہم کی جا سکے۔