نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ) شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی، شہید بینظیرآباد نے تعلیمی میدان میں
نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ) شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی، شہید بینظیرآباد نے تعلیمی میدان میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کر لی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ کی قائدانہ صلاحیتوں اور خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن، اسلام آباد کی جانب سے یونیورسٹی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے میں پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ منظوری ادارے کی علمی و تحقیقی سرگرمیوں میں ایک اہم اضافہ ثابت ہوگی. پی ایچ ڈی پروگرام کے مؤثر آغاز کے لیے مزید فنڈنگ، جدید لیبارٹری آلات اور اضافی فیکلٹی ممبران کی ضرورت ہوگی، جس کے لیے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے بھرپور تعاون حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبہ کے فیکلٹی ممبران ڈاکٹر معراج نبی بھٹی، ڈاکٹر آصف وگن اور ڈاکٹر مرینہ مری کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا بنیادی مقصد بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں معیاری اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید رانی کے مشن کے تحت چلنے والے اس ادارے میں ڈاکٹریٹ پروگرامز کے آغاز سے نہ صرف طلبہ کو جدید علمی و تحقیقی مواقع میسر آئیں گے بلکہ علاقے اور پورے سندھ کے نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم کے معیار کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔