سندھ کے کالجز کے مسائل مزید بگاڑ کا شکار، سندھ کی کالجز میں سیاسی مداخلت عروج پر، 20 اور 19 گریڈ کے پرنسپلز کی جگہ 17 اور 18 گریڈ کے جونیئر
سندھ کے کالجز کے مسائل مزید بگاڑ کا شکار، سندھ کی کالجز میں سیاسی مداخلت عروج پر، 20 اور 19 گریڈ کے پرنسپلز کی جگہ 17 اور 18 گریڈ کے جونیئر پرنسپلز کا غیر قانونی تقرر، درجنوں کالجز میں پرنسپل ہی تعینات نہیں، فائیوٹیئر فارمولے کا نوٹ دو ہفتوں سے وزیر تعلیم کی ٹیبل پر پڑا ہو ہے،انٹر میڈیٹ کے 35 مضامین کی کتابیں تک شایع نہ ہوسکیں،ہمیں ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے۔ سپلا
جیکب آباد (نامه نگار)سندھ پروفيسرز اينڈ ليکچررز ايسوسی ايشن ( سپلا) کے مرکزی صدر منور عباس، سیکرٹری جنرل غلام مصطفیٰ کاکا، دیگر رہنماؤں پروفیسر مشتاق پھلپوٹو، محمد عدیل خواجہ، پروفیسر آصف منیر، عبد الحلیم درس، شبانہ افضل، ڈاکٹر ملہار سندھی، سید جڑیل شاہ، خرم رفیع، زکیہ ٹالپر، پروفیسرلعل سوہو، پروفیسر افشین پیرزادو، ڈاکٹر وکرم کمار، حسن میربحر، پروفیسر شوکت علی سموں، عبد الرشید ٹالانی، نہال اختر, غفران اللہ بلوچ، مرتضیٰ سولنگی، احمد علی خان، سانول گھوٹو، کنول مجتبیٰ، محمد جمال، شفق زہرا عدنان اللہ خان، سید وسیم شاہ، صدیق پنھور و دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی عدم توجہی کے سبب محکمہ کالج ایجوکیشن حکومت سندھ اس وقت اندھیر نگری چوپٹ راج کا منظر پیش کر رہا ہے، آدھے سے زائد کالجز میں پرنسپل تعینات نہیں، جبکہ سیاسی مداخلت اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔ کئی کالجز میں سیاسی مداخلت پر گریڈ بیس کی جگہ گریڈ اٹھارہ اور سترہ کے جونیئرز کو تعینات کیا گیا ہے، گورنمنٹ گرلز کالج مورو میں انتہائی جونیئر لیکچرر کہ جس کا پروبیشن پیرڈ بھی ختم نہیں ہوا کو سیاسی مداخلت کی بنا پر گریڈ بیس کی جگہ پرنسپل تعینات کیا گیا ہے!! سانگھڑ کے بوائز کالج میں ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی موجودگی کے باوجود سیاسی مداخلت پر اٹھارہ گریڈ کو، ٹنڈو آدم کے بوائز اور گرلز دونوں کالجز میں بھی سیاسی بنیادوں پر گریڈ اٹھارہ کے جونیئرز کو گریڈ بیس کی جگہ تعینات کیا گیا ہے۔ سپلا کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ یہ تو چند مثالیں ہیں جبکہ صورت حال روز بہ روز بد سے بد تر ہوتی جا رہی ہے جس کی اہم وجہ محکمہ کالج ایجوکیشن کو سندھ حکومت نے شروع دن سے سنجیدہ نہیں لیا۔ اس بات کا اندازہ یہاں سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ہم کالجز میں پرنسپل کی عدم دستیابی کا رونا رو رہے ہیں مگر یہاں تو گزشتہ کئی روز سے محکمہ کالج ایجوکیشن حکومت سندھ میں سیکرٹری دستیاب نہیں ہیں!! سپلا کے رہنماؤں کا یہ بھی کہنا تھا کہ 12 فروری کو ہم نے بلاول ہاؤس کراچی میں دھرنا اس شرط پر ختم کیا تھا کہ کالجز کے مسائل حل ہوں گے مگر ہم سے کیے گئے وعدے پورے نہیں ہوئے، فائیو ٹیئر فارمولا کا نوٹ فار منسٹر دو ہفتوں سے وزیر تعلیم کی ٹیبل پر پڑا ہوا ہے!! کئی کالجز کے پرنسپلز کی تعیناتی سمیت کئی اہم سمریاں کئی کئی ماہ سے وزیر تعلیم کی آفس میں پڑی ہوئی ہیں، جس کے سبب محکمہ کالج ایجوکیشن زبوں حالی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ انٹرمیڈیٹ کی کمپیوٹر سائنس، کامرس سمیت آرٹس کی 35 سے زاید نصابی کتب سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ اپنے قیام سے تا حال شایع نہیں کر سکا!! سپلا کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی احتجاجی تحریک کو ختم نہیں کیا تھا، ہم نے محکمہ کالج ایجوکیشن کو مناسب وقت دیا تھا مگر وہ اس میں ناکام نظر آرہے ہیں اس لیے ہمیں محسوس ہو رہا ہے کہ محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کے کالج اساتذہ کو ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کے لیے مجبور کر رہا ہے۔
*