نوابشاہ(بیورورپورٹ) ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ نے نوابشاہ تا دوڑ پیپلز بس کی سروس ناقابل
نوابشاہ(بیورورپورٹ) ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ نے نوابشاہ تا دوڑ پیپلز بس کی سروس ناقابل عمل قرار دے دی،اضافی بسوں کی دستیابی پر بھی دوبارہ غور کی شرط،دوڑ کے شہریوں کی جانب سے پیپلز پارٹی کی اعلٰی قیادت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ کی مبینہ نااہلی اور ضلعی انتظامیہ کی لاپروائی کے سبب دوڑ کے شہری نوابشاہ تا دوڑ روٹ پر پیپلز بس سروس کی سہولت سے محروم ہیں،پیپلز بس نوابشاہ شہر میں چلنے کے بعد کافی عرصے سے نوابشاہ تا سکرنڈ روٹ پر بھی چل رہی ہے مگر نوابشاہ تا دوڑ روٹ پر اس بس سروس کو چلانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں،ویلفیئر کمیٹی دوڑ کے صدر انور عادل خانزادہ کی جانب سے محتسب اعلٰی سندہ کو ارسال کردہ شکایت کے جواب میں ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل /بس آپریشن سندہ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ سندہ کی جانب سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پروجیکٹ بسوں کی کمی کی وجہ سے اور موجودہ روٹ کے آپریشنل اور مالی فزیلیٹی پر غور کرنے کے بعداس مرحلے پر مطلوبہ روٹ کو قابل عمل نہیں سمجھا گیا ہے اور اضافی بسوں کی دستیابی کے بعد مجوزہ روٹ پر دوبارہ غور کیا جاسکتا ہے،ویلفیئر کمیٹی دوڑ کے صدر انور عادل خانزادہ نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ کیجانب سے رپورٹ میں مکمل تفصیلات بھی فراہم نہیں کی گئی ہیں کہ شہید بینظیر آباد ضلع اور نوابشاہ سٹی کے لئے منظور شدہ بسوں کی تعداد کتنی ہے اور فراہم کی گئی بسوں کی تعداد کیا ہے اور نوابشاہ سے سکرنڈ کے روٹ کو کن اسباب کی بناء پرقابل عمل سمجھا گیا جبکہ نوابشاہ سے دوڑ کے روٹ کو قابل عمل نہیں سمجھا جارہا ہے،جوکہ نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ دوڑ کے شہریوں کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے،انہوں نے بتایا کہ دوڑشہر تحصیل ہیڈ کوارٹر کا درجہ رکھتا ہے اور سندھ کا ایک اہم تجارتی شہر ہے تعلقہ دوڑ کی آبادی چار لاکھ سے زائد ہے یہاں پر کاٹن فیکٹری اور دیگر کار خانے ہیں یہاں پر نہ صرف علاقائی بلکہ ملک کے دیگر صوبوں بلخصوص پنجاب سے بھی مزدور طبقہ نوکری کے لئے آتا ہے جب کہ یہاں پر اندرون سندھ کی سب سے بڑی مویشی منڈی بھی لگتی ہے جہاں پر ملک بھر سے بیوپاری خرید و فروخت کے لئے آتے ہیں دوڑ شہر مین ریلوے لائن اور مہران ہائی وے پر موجود ہونے کی وجہ سے ملک بھر کے عوام اور کار و باری حضرات کی آمد ورفت کامرکز ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کی ہدایات پر سندہ حکومت کی جانب سے عوام کو بہترین اور سستی سفری سہولت کی فراہمی کے لئے پیپلز بس سروسز شروع کی گئی،جوکہ ایک قابل تحسین اقدام ہے،مگر دوڑ کے شہری ابھی تک اس سہولت سے محروم ہیں،انور عادل خانزادہ نے بتایا ایک جانب پیپلز بس سروس شروع نہیں کی جارہی ہے تو دوسری جانب قائد عوام یونیورسٹی کی جانب سے پوائنٹ بس کی سہولت بھی میسر نہیں ہے،جسکے سبب طلبہ و طالبات کو شدید پریشانی کا سامنا ہے،انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری،خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر بورڈ اینڈ یونیورسٹیز محمد اسماعیل راہو،اور محتسب اعلٰی سندہ سے مطالبہ کیا کہ دوڑ شہر میں پیپلز بس سروس اور قائد عوام یونیورسٹی کی پوائنٹ بسوں کی سروس شروع کرانے کے لئے فوری کاروائی کی جائے