November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ)سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ گورنر کی تبدیلی کے معاملے پر متحدہ قومی

IMG-20260316-WA0234

سکھر (بیورورپورٹ)سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ گورنر کی تبدیلی کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے وزراء وزارتوں سے استعفے نہیں دیں گے بلکہ وہ اسی تنخواہ پر کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو درپیش مشکلات کے پیش نظر تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر ملک و قوم کے مفاد میں کردار ادا کرنا ہوگا۔وہ سکھر میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے دفتر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مقامی سیاسی و سماجی شخصیات اور ڈاکٹرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور ان حالات میں پوری قوم کو متحد ہو کر ملک کی بہتری کے لیے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک قوم بن کر مسائل کا مقابلہ کرنا ہوگا اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعاگو رہنا چاہیے تاکہ پاکستان ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن رہے۔عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافے سے جنگ کے خطرات بڑھ رہے ہیں، جو دنیا کے لیے معاشی طور پر تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ عالمی معیشت کے لیے ایک طرح کا ’’اکنامک ٹارچر‘‘ ہے، اس لیے دنیا کے بڑے ممالک کو آگے بڑھ کر اس تنازع کو ختم کرانے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو بھی اس صورتحال پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کیونکہ اس کشیدگی سے پورا خطہ متاثر ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سکھر کو سندھ کا ایک تاریخی اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ان کے مطابق سکھر میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں کام کیا گیا ہے جس کی وجہ سے پورے پاکستان سے لوگ علاج اور تعلیم کے حصول کے لیے سکھر کا رخ کر رہے ہیں۔خورشید شاہ نے بتایا کہ سکھر میں جلد جدید ٹراما سینٹر قائم کیا جائے گا جو 69 ملین روپے کی لاگت سے ارور یونیورسٹی کے قریب تعمیر کیا جائے گا۔ اس سینٹر کے قیام سے حادثات اور ہنگامی حالات میں مریضوں کو فوری اور جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے سول اسپتال سکھر کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ اسپتال کی حالت بہتر ہو اور عوام کو فوری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں، تاہم حکومت کی کوشش ہے کہ اسپتال میں جدید سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ شہریوں کو علاج کے لیے کراچی یا پنجاب نہ جانا پڑے۔انہوں نے بتایا کہ سول اسپتال سکھر کے لیے نئی ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین مشینوں کی فراہمی کے لیے حکومت کو خط لکھ دیا گیا ہے اور توقع ہے کہ جلد یہ جدید مشینیں فراہم کر دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ سول اسپتال کو ایس آئی یو ٹی اسپتال کے طرز پر جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے۔خورشید شاہ نے مزید کہا کہ رواں سال سکھر میں ایک میڈیکل یونیورسٹی بھی قائم کی جائے گی جہاں جدید تحقیق اور تعلیم کی سہولیات فراہم ہوں گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ یونیورسٹی معیار کے لحاظ سے ملک کی نمایاں جامعات میں شمار ہوگی۔انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کی زندگی میں سکھر میں ایک انجنیئرنگ یونیورسٹی بھی قائم ہو تاکہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال تک سکھر میں جدید اسپورٹس کمپلیکس کا منصوبہ بھی مکمل کر لیا جائے گا، جس سے نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات فراہم ہوں گی۔