نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)لاکھا روڈ اسٹیشن مال گاڑی اور شالیمار ایکسپریس میں تصادم، عملہ اور مسافر محفوظ
نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)لاکھا روڈ اسٹیشن مال گاڑی اور شالیمار ایکسپریس میں تصادم، عملہ اور مسافر محفوظ
لاکھا روڈ کے ریلوے لوپ لائن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک مال گاڑی پہلے سے لوپ لائن میں کھڑی تھی کہ اسی دوران پیچھے سے آنے والی 27اپ شالیمار ایکسپریس اس سے ٹکرا گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ممکنہ طور پر پوائنٹ یا کانٹے کے مسئلے کے باعث پیش آیا جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ تصادم کے نتیجے میں ریلوے کے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ گارڈ کو بھی کافی مشکل کے بعد بوگی سے باہر نکالا گیا۔ حادثے میں ریلوے کے انجن سامان اور بوگیوں کو خاصا نقصان پہنچا ہے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان ابی تک رپورٹ نہیں ہوا۔ ریلوے حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی مکمل انکوائری شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔ ریلوے ورکرز یونین (اوپن لائن) کے سرپرستِ اعلیٰ چوہدری مقبول حسین، چیئرمین منظور رضی، صدر ڈاکٹر بابر خان قادری، جنرل سیکریٹری محمد نسیم راؤ، چیف آرگنائزر سید اشفاق باچا، سینئر وائس چیئرمین ناصر منصور، سینئر نائب صدر سید محمد سلیم چشتی، سکھر ڈویژن کے صدر کامریڈ گلزار کھوسو، جنرل سیکریٹری علی حیدر چاچڑ، محمد حیات ہسبانی و دیگر رہنماؤں نے حادثے پر گہرے افسوس اور شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ ریلوے میں حفاظتی اقدامات کو مسلسل نظر انداز کیے جانے کے باعث اس نوعیت کے حادثات رونما ہو رہے ہیں۔ اگر ریلوے میں سیفٹی سے متعلق عالمی معیار کے قوانین، جدید سگنلنگ سسٹم اور حفاظتی نظام کو مؤثر انداز میں نافذ نہ کیا گیا تو مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ پیش آ سکتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حادثے سمیت ماضی میں پیش آنے والے تمام ریلوے حادثات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم کیا جائے تاکہ اصل وجوہات سامنے آئیں، ذمہ داران کا تعین ہو اور آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔