سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)پاکستان سنی تحریک کے مرکزی نائب صدر حافظ محبوب علی
سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)پاکستان سنی تحریک کے مرکزی نائب صدر حافظ محبوب علی سہتو نے کہا ہے کہ سکھر میں موجود فیکٹریوں کے آفیسران کی جانب سے لیبر قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں اور مزدوروں کے حقوق مکمل طور پر نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔ خاص طور پر لیو بسکٹ فیکٹری میں آفیسران کا رویہ مزدوروں کے خلاف انتہائی ناانصافی پر مبنی ہے۔حافظ محبوب علی سہتو نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اگر کوئی مزدور اپنا جائز حق مانگتا ہے تو اس پر جھوٹا الزام لگا کر اسے ملازمت سے فارغ کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ لیو بسکٹ فیکٹری کے بعض آفیسران کی طرف سے مزدوروں پر خواتین سے متعلق جھوٹے الزامات لگا کر ان کا کیریئر تباہ کیا جا رہا ہے، جبکہ ایسے معاملات کی نہ کوئی انکوائری کی جاتی ہے اور نہ ہی آفیسران مزدوروں کی بات سننے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں کے موقع پر، جب مہنگائی عروج پر ہے، کسی مزدور کو اچانک فارغ کر دینا اس کے پورے خاندان کے لیے شدید معاشی مشکلات اور تکلیف کا سبب بن جاتا ہے۔ حافظ محبوب علی سہتو نے فیکٹری مالکان سے اپیل کی کہ وہ آفیسران کی ایسی ظالمانہ پالیسیوں کا فوری نوٹس لیں، کیونکہ ان کی مبینہ ملی بھگت کی وجہ سے بے شمار بے گناہ مزدور ذہنی دباؤ میں آ کر خودکشی پر مجبور ہو رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے پاس ایسی شکایات کی بڑی تعداد پہنچ چکی ہے جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اگر فیکٹری مالکان نے اس معاملے کو سنجیدگی سے نہ لیا تو وہ سکھر کے ڈپٹی کمشنر اور عدالت سے رجوع کرنے کے ساتھ ساتھ ضرورت پڑنے پر احتجاج کا راستہ بھی اختیار کریں گے۔