سکھر/روہڑی (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین شیدی)الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے صوبائی رہنما خیر
سکھر/روہڑی (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین شیدی)الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے صوبائی رہنما خیر محمد تنیو کی قیادت میں روہڑی ریلوے اسٹیشن پر خدمات انجام دینے والے ضرورت مند مزدوروں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ تقریباً ایک سو مستحق مزدوروں کو راشن فراہم کیا گیا تاکہ ان کی روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے میں آسانی ہو سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خیر محمد تنیو نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ ملک بھر میں فلاحی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے اور مشکل حالات میں غریب اور مستحق افراد کی مدد کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقہ معاشرے کا اہم حصہ ہے اور ان کی مدد کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی انسانیت کی خدمت کا مشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ فلسطین اور ایران میں جاری مشکلات کے دوران بھی الخدمت فاؤنڈیشن متاثرہ افراد کی مدد کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے کی طرف سے بڑے پیمانے پر امدادی سامان فلسطین اور ایران بھیجا گیا ہے تاکہ وہاں کے ضرورت مند مسلمانوں کی مدد کی جا سکے۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی عہدیداران بھی موجود تھے، جن میں رضا اللہ گمڑو (ضلعی صدر الخدمت فاؤنڈیشن) اور اسداللہ تنیو شامل تھے۔ تقریب میں موجود قائدین نے عزم ظاہر کیا کہ الخدمت فاؤنڈیشن مستقبل میں بھی ایسی فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے گی اور مستحق اور محنت کش طبقے کی مدد کرتی رہے گی۔تقریب کے آخر میں راشن حاصل کرنے والے مزدوروں نے الخدمت فاؤنڈیشن اور اس کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی اقدامات جاری رہیں گے۔