سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان ماہرین نیوز)معروف مخیر شخصیت ڈاکٹر اظہر اقبال کی جانب سے عطیہ کردہ شکار پور میں فاطمہ نجم
سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان ماہرین نیوز)معروف مخیر شخصیت ڈاکٹر اظہر اقبال کی جانب سے عطیہ کردہ شکار پور میں فاطمہ نجم الدین گرلز یتیم خانے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق معروف مخیر شخصیت ڈاکٹر اظہر اقبال کی جانب سے یتیم بچیوں کی کفالت اور تعلیم کے ایک اہم منصوبے کی جانب ایک بڑا قدم اٹھایا گیا اس سلسلے میں گزشتہ روز شکار پور میں فاطمہ نجم الدین گرلز یتیم خانہ کی سنگِ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی۔منصوبے کی سنگِ بنیاد سابق رکن قومی اسمبلی (Ex-MNA) غوث بخش خان مہر نے رکھی جبکہ یہ فلاحی منصوبہ معروف مخیر شخصیت ڈاکٹر اظہر اقبال کی جانب سے عطیہ کیا گیا ہے۔ اس منصوبے پر عمل درآمد برکہ ایڈ یو کے (Barakah Aid UK) کی طرف سے سندھ، پاکستان میں کیا جا رہا ہے۔شرکاء تقریب کی جانب سے اس فلاحی کام کو معاشرے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا اور اس منصوبے کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ نجم الدین گرلز یتیم خانہ کا مقصد یتیم بچیوں کو محفوظ رہائش، معیاری تعلیم اور بہترین تربیت فراہم کرنا ہے۔ اس ادارے میں بچیوں کو دینی اور دنیاوی تعلیم دونوں دی جائیں گی تاکہ وہ اسلامی اقدار اور جدید تعلیم کے ساتھ ایک باوقار اور کامیاب زندگی گزار سکیں۔تقریب کے موقع پر شرکاء نے ڈاکٹر اظہر اقبال، برکہ ایڈ یو کے کی ٹیم، معاونین اور تمام عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کیا جن کی سخاوت اور تعاون سے یہ منصوبہ ممکن ہو سکا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ادارہ ایک صدقۂ جاریہ ہوگا جس سے آنے والی نسلیں بھی مستفید ہوں گی۔ شرکاء تقریب کا مزید کہنا تھا کہ یہ منصوبہ انسانیت کی خدمت، تعلیم کے فروغ اور معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد اس مرکز میں یتیم بچیوں کو رہائش، تعلیم اور بہترین تربیتی ماحول فراہم کیا جائے گا۔ اختتام تقریب تمام منتظمین، معاونین اور عطیہ دہندگان کے لیے دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ان کی اس خدمت کو قبول فرمائے اور اس میں برکت عطا فرمائے۔