سکھر میں پولیس اہلکار ہی جعلی اور نان کسٹم پیڈ سگریٹ کا اسمگلر نکلا، ساتھی سمیت گرفتار
سکھر میں پولیس اہلکار ہی جعلی اور نان کسٹم پیڈ سگریٹ کا اسمگلر نکلا، ساتھی سمیت گرفتار
سائٹ ایریا پولیس کی چیکنگ کے دوران اہلکار شوکت کوسو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، سگریٹ سے بھری کار قبضے میں لے لی
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر میں پولیس محکمے کو اس وقت شدید بدنامی کا سامنا کرنا پڑا جب خود ایک پولیس اہلکار جعلی، غیر معیاری اور نان کسٹم پیڈ سگریٹ کی اسمگلنگ کے جرم میں گرفتار ہوگیا۔سائٹ ایریا پولیس نے معمول کی چیکنگ کے دوران ایک کار کو روکا تو تلاشی کے دوران اس میں سے بڑی تعداد میں غیرقانونی سگریٹ برآمد ہوئے۔پولیس ذرائع کے مطابق، کار نمبر BLA-433 میں سوار پولیس اہلکار شوکت کوسو اور اس کا ایک ساتھی غیر قانونی سگریٹ کی ترسیل میں ملوث تھے۔ چیکنگ کے دوران کار کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے غیر معیاری اور نان کسٹم پیڈ سگریٹ کے متعدد کارٹن برآمد ہوئے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو موقعے پر گرفتار کر لیا۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار پولیس اہلکار طویل عرصے سے اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھا اور وہ اپنی یونیفارم کا فائدہ اٹھا کر اسمگلنگ کر رہا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ پتہ لگایا جا سکے کہ یہ سگریٹ کہاں سے لائے گئے تھے اور ان کی منڈی کون ہے۔واضح رہے کہ نان کسٹم پیڈ سگریٹ کی فروخت نہ صرف معیار کی کمی کی وجہ سے صحت کے لیے خطرناک ہے بلکہ اس سے قومی خزانے کو بھی مالی نقصان پہنچتا ہے۔ پولیس محکمے میں تعینات ملزم کی گرفتاری سے شہریوں میں اطمینان کی لہر ہے، اور عوام کا مطالبہ ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔