سکھر: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں مبینہ کٹوتیاں، مستحق خواتین کا شدید احتجاج
سکھر: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم میں مبینہ کٹوتیاں، مستحق خواتین کا شدید احتجاج
ڈیوائس مافیا پر 1500 سے 2000 روپے تک غیر قانونی کٹوتی کا الزام، انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی رقم میں مبینہ کٹوتیوں کے خلاف غریب، بیوہ، معذور اور بیمار خواتین نے شدید احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ان کے کھاتوں میں رقم تو منتقل کردی جاتی ہے، لیکن ادائیگی کے دوران نام نہاد ڈیوائس مافیا اپنی مرضی سے 1500 سے 2000 روپے تک غیرقانونی کٹوتیاں کرلیتا ہے۔احتجاج کرنے والی خواتین کا کہنا تھا کہ ان میں زیادہ تر بیوہ، انتہائی غریب اور مجبور خواتین شامل ہیں، جو اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے اس امداد پر انحصار کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معذور، بیمار اور ضعیف خواتین بھی شدید گرمی اور مجبوری کی حالت میں گھنٹوں قطاروں میں کھڑی رہتی ہیں۔مظاہرین کے مطابق وہ صبح سویرے اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ مراکز پر پہنچ جاتی ہیں، لیکن سارا دن پریشان رہنے کے باوجود انہیں مکمل رقم نہیں دی جاتی اور شام کو مایوس ہوکر واپس لوٹنا پڑتا ہے۔خواتین نے اعلیٰ انتظامیہ، ضلعی حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈیوائس مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری انصاف نہ دیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کردیا جائے گا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اس طرح غریب اور مستحق خواتین کے ساتھ ناانصافی انتہائی افسوسناک ہے، لہٰذا حکومت فوری اقدامات کرتے ہوئے انہیں ان کی مکمل رقم دلوا کر انصاف فراہم کرے۔