November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جمعة الوداع کے موقع پر القدس کمیٹی مجلس

IMG-20260315-WA0070

سکھر(بیورورپورٹ)رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جمعة الوداع کے موقع پر القدس کمیٹی مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع سکھر کے زیر اہتمام وحدت یوتھ ونگ، وحدت علماء ونگ، وحدت خواتین ونگ اور دیگر ملی تنظیموں کے تعاون سے عالمی یومِ القدس کے سلسلے میں ایک عظیم الشان ریلی اور احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت چیئرمین القدس کمیٹی سکھر علامہ سید مٹھل شاہ نقوی نے کی جبکہ اس میں علماء کرام، معززینِ شہر، بزرگوں، خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی جامع حیدری مسجد، پرانا سکھر سے شروع ہوئی اور مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی سکھر پریس کلب پہنچی، جہاں یہ ایک بڑے احتجاجی مظاہرے کی صورت اختیار کر گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ امریکی اور اسرائیلی پرچم نذرِ آتش کیے گئے اور اسرائیلی قیادت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔القدس کمیٹی ضلع سکھر کے زیر اہتمام منعقدہ اس ریلی میں مجلس وحدت مسلمین، وحدت یوتھ ونگ، وحدت علماء ونگ، وحدت خواتین ونگ اور دیگر ملی تنظیموں کے رہنماؤں، علماء کرام اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسرائیل کا جھوٹا بیانیہ اب دنیا بھر میں مسترد کیا جا چکا ہے اور آج عالمی سطح پر غزہ اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔مقررین نے کہا کہ غزہ کی صورتحال کے دو پہلو ہیں، ایک طرف اسرائیل کا سیاہ، ظالمانہ اور مکروہ چہرہ ہے جبکہ دوسری طرف مظلوم فلسطینی عوام کی بے مثال استقامت اور بہادری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اب تک غزہ میں لاکھوں نہتے فلسطینیوں کو بے دردی سے شہید کر چکا ہے اور ہسپتالوں، مساجد، اسکولوں اور رہائشی عمارتوں پر جنگ عظیم دوم کے بعد کی بدترین بمباری کی گئی، مگر اس تمام تر ظلم کے باوجود فلسطینی عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ریلی کے دوران مقررین نے کہا کہ اگر امریکہ اور اسرائیل یہ سمجھتے ہیں کہ ایرانی قیادت کے خلاف اقدامات کے بعد وہ اپنے ناپاک مقاصد میں کامیاب ہو جائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے۔ مظلوم فلسطینی عوام کی استقامت نے دنیا کو حیران کر دیا ہے اور ان کی جدوجہد ظلم کے خلاف مزاحمت کی روشن مثال بن چکی ہے۔سکھر پریس کلب کے سامنے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری چوہدری اظہر حسن، مجلس وحدت مسلمین ضلع سکھر کے صدر محسن سجاد اتراء ایڈووکیٹ، وحدت یوتھ ڈویژن کے جنرل سیکرٹری سید کاشف شاہ نقوی سمیت دیگر علماء کرام اور تنظیمی رہنماؤں نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ القدس صرف بیت المقدس یا فلسطین تک محدود نہیں بلکہ یہ دنیا بھر کے مظلوموں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرنے کا عالمی دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اسرائیلی جارحیت اور ظلم و ستم کا سامنا کر رہے ہیں اور غزہ میں اسپتالوں، مساجد، اسکولوں اور رہائشی عمارتوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کو شہید کر چکا ہے اور اس قدر وسیع پیمانے پر تباہی و بربادی کی مثال جنگ عظیم دوم کے بعد کم ہی ملتی ہے۔اس کے باوجود فلسطینی عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی آزادی اور حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ کے مظلوم عوام نے رمضان المبارک میں صبر، استقامت اور قربانی کی ایسی مثال قائم کی ہے جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ فلسطینی عوام کے صبر و استقلال نے صیہونی غرور اور تکبر کو خاک میں ملا دیا ہے۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور استقامت کو مستقبل میں تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے تاکہ نئی نسل کو ظلم کے خلاف مزاحمت اور حق و انصاف کی جدوجہد سے آگاہ کیا جا سکے۔احتجاجی مظاہرے کے اختتام پر مظاہرین نے فلسطینی عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے خصوصی دعائیں کیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خاتمے اور فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ پولیس اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔