فیصل آباد (راجہ نورالہی عاطف سے) فخرِ خوشاب، سابق جسٹس کاظم علی ملک نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں منعقدہ ایک باوقار تقریب
فیصل آباد (راجہ نورالہی عاطف سے) فخرِ خوشاب، سابق جسٹس کاظم علی ملک نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے اساتذہ کرام، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق جسٹس کاظم علی ملک نے تعلیم کی اہمیت اور نوجوان نسل کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ معاشروں کی بنیاد معیاری تعلیم اور مضبوط اخلاقی اقدار پر ہوتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ حصولِ علم کے ساتھ ساتھ کردار سازی، دیانتداری اور قومی خدمت کو بھی اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں صرف ڈگریاں دینے کے مراکز نہیں بلکہ یہ ادارے معاشرے کے لیے باصلاحیت، باکردار اور باعلم افراد تیار کرتے ہیں جو مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کرام کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کرام قوم کے معمار ہوتے ہیں جو نئی نسل کی فکری اور اخلاقی تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ قبل ازیں جسٹس (ر) جناب کاظم علی ملک کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے سابق جسٹس کاظم علی ملک کو بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرنے پر یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ شرکاء نے ان کی علمی، قانونی اور سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی رہنمائی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔