ہارون آباد (نمائندہ)سی سی ڈی سرکل ہارون آباد کی بڑی کارروائی، متعدد وارداتوں میں مطلوب خطرناک
ہارون آباد (نمائندہ)سی سی ڈی سرکل ہارون آباد کی بڑی کارروائی، متعدد وارداتوں میں مطلوب خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، چھینے گئے موٹر سائیکل برآمد، تین ساتھی فرار۔ پولیس نے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔تفصیلات کے مطابق سی سی ڈی سرکل ہارون آباد نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد وارداتوں میں مطلوب ملزم محمد حنیر ولد مشتاق قوم آرائیں سکنہ 142/6R کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم تھانہ فقیر والی اور تھانہ صدر ہارون آباد کی حدود میں ہونے والی مختلف وارداتوں میں مطلوب تھا جبکہ اس کے قبضے سے چھینے گئے موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔سی سی ڈی پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان نے پولیس ناکہ بندی دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی اور ناکہ توڑ کر بھاگ نکلے۔ سی سی ڈی پولیس نے فوری تعاقب کیا تو 47 والے سیم نالہ کے پل کے قریب دونوں موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا جسے پولیس نے موقع پر گرفتار کر لیا جبکہ اس کے تین ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
سی سی ڈی سرکل ہارون آباد نے فوری طور پر پورے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔اہلِ علاقہ نے سی سی ڈی پولیس کی اس بروقت اور کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایسی کارروائیاں علاقے میں امن کے قیام کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ شہریوں نے پولیس کی کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فرار ہونے والے ملزمان کو بھی جلد گرفتار کیا جائے۔