سکھر(بیورورپورٹ)رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں نماز تراویح میں تکمیل قرآن کی تقریبات، شب بیداری
سکھر(بیورورپورٹ)رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں نماز تراویح میں تکمیل قرآن کی تقریبات، شب بیداری، شبینہ، ذکر و اذکار، صلواۃ التسبیح ودیگر عبادات و ریاضت کا سلسلہ اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے، مساجد، درگاہوں، گھروں میں شب بھر محافل نعت، ذکر خدا و مصطفےٰ کے عنوان سے محافل سجائی جارہی ہیں، گزشتہ روز جامع مسجد صدیق اکبرؓ نزد ٹنڈو میر حسن روہڑی میں بابرکت روحانی تقریب ختم القرآن الکریم نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر علاقے کے معززین، علماء کرام اور بڑی تعداد میں نمازیوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف خطیب حضرت مولانا عبدالغنی چوہان تھے، جنہوں نے قرآن مجید کی عظمت، اس کی تعلیمات پر عمل کرنے کی اہمیت اور موجودہ معاشرتی مسائل کے حل کے بارے میں نہایت مدلل اور مؤثر خطاب فرمایا جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا. اس بابرکت محفل میں حضرت محمد طارق کمبوہ، ملک عبدالعزیز اور ملک حافظ مجیب الرحمن ملک سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی اور محفل کو رونق بخشی۔ تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امت مسلمہ کی بھلائی اور علاقے میں امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس بابرکت محفل کو ایمان افروز قرار دیتے ہوئے ایسی دینی محافل کے تسلسل کی امید ظاہر کی۔