November 17, 2026

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) اردو زبان و ادب کے ممتاز استاد، نامور ادیب، شاعر اور ماہرِ اقبالیات

IMG-20260313-WA0124

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) اردو زبان و ادب کے ممتاز استاد، نامور ادیب، شاعر اور ماہرِ اقبالیات پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم (مرحوم) کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سرگودھا رائٹرز کلب کے زیر اہتمام، ڈان گرامر گروپ آف سکولز سرگودھا کے تعاون سے ایک پروقار تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت معروف ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر شیخ محمد اقبال نے کی جبکہ مہمانانِ خصوصی میں پروفیسر ڈاکٹر نسیم عباس، پروفیسر ڈاکٹر سمیرا اعجاز اور پروفیسر ڈاکٹر طارق حبیب شامل تھے جنھوں نے اپنے اپنے خطاب میں ڈاکٹر تبسم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔
تقریب کے دوران ممتاز عارف، پروفیسر یوسف خالد، ڈاکٹر آصف راز، نجمہ منصور،قاضی افتخار احمد ، ڈاکٹر ثمینہ گل ، ڈاکٹر بابر جاوید ، محمد علی تبسّم، یونس خاموش اور شمشاد حسین شاہد نے ڈاکٹر تبسم کی شخصیت اور فن پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے اپنی تمام زندگی علم و ادب کی ترویج اور اقبالیات کی تفہیم کے لیے وقف کر رکھی تھی ان کی وفات سے اردو ادب ایک سچے محب وطن اور عظیم محقق سے محروم ہو گیا ہے۔ سرگودھا رائٹرز کلب کے سر پرست اعلیٰ ممتاز عارف نے محترمہ نجمہ منصور کو کلب کا سینئر نائب صدر نامزد کیا جس کی تمام لوگوں نے تائید کی۔اس پروقار تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر سید مرتضیٰ حسن شیرازی نے ادا کیے۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری سرگودھا رائٹرز کلب ذوالفقار احسن اور ڈائریکٹر ڈان گرامر گروپ افتخار احمد اعوان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم کے علمی مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی اور انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔