خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) معروف ہردلعزیز سماجی شخصیت ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ نے کہا
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) معروف ہردلعزیز سماجی شخصیت ملک عبدالغفور آصف بوڑانہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی بے شمار رحمتوں، برکتوں اور مغفرتوں کا مہینہ ہے۔ اس مقدس مہینے میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر خصوصی کرم فرماتا ہے اور نیکیوں کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک صبر، برداشت، ہمدردی اور ایثار کا درس دیتا ہے۔ روزہ انسان کو تقویٰ، پرہیزگاری اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا شعور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بابرکت مہینے میں عبادات کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔
انہوں نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ رمضان المبارک میں مستحق اور نادار افراد کی دل کھول کر مدد کریں تاکہ معاشرے میں بھائی چارے اور محبت کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں کی مدد کرنا اور ان کے چہروں پر خوشی لانا بھی ایک عظیم عبادت ہے۔
ملک عبدالغفورآصف بوڑانہ نے مزید کہا کہ رمضان المبارک ہمیں اپنے اعمال کا محاسبہ کرنے اور اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مقدس مہینے کی قدر کریں، زیادہ سے زیادہ عبادات کریں، قرآن پاک کی تلاوت کریں اور اپنے کردار و عمل کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو رمضان المبارک کی برکتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی نصیب کرے۔ آمین۔