سکھر (بیورورپورٹ)یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ضلع بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات
سکھر (بیورورپورٹ)یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ضلع بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات
یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر سکھر ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت اور مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہدایات پر ایک جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ مجالس اور ماتمی جلوسوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق جاری کردہ سیکیورٹی پلان کے تحت ضلع بھر میں منعقد ہونے والی مجالس، ماتمی جلوسوں اور دیگر مذہبی اجتماعات کی حفاظت کے لیے سکھر پولیس کے 1050 سے زائد افسران اور اہلکار اپنے فرائض انجام دیں گے۔ پولیس کی بھاری نفری کو حساس مقامات، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر تعینات کیا گیا ہے۔سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مجالس، ماتمی جلوسوں اور امام بارگاہوں کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور خاردار تاریں نصب کی گئی ہیں۔ شرکاء کو مکمل تلاشی کے بعد ہی جلوس یا مجالس میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔مرکزی ماتمی جلوسوں کے راستوں پر واقع اونچی عمارتوں کی چھتوں پر پولیس کمانڈوز کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ جلوسوں کے روٹس پر سیکیورٹی کیمروں کے ساتھ ساتھ سادہ لباس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری نظر رکھی جا سکے۔اس موقع پر نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایس ایس پی آفس سکھر میں خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں سے ضلع بھر کی سیکیورٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنی اپنی حدود میں سیکیورٹی انتظامات کو غیر معمولی اور مضبوط بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی ایس پیز خود اپنی سب ڈویژنز میں سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے اور تمام انتظامات کا مسلسل جائزہ لیں گے، جبکہ ایس ایچ اوز اپنی حدود میں پولیس نفری کی تعیناتی کو یقینی بنائیں گے اور خود بھی فیلڈ میں موجود رہیں گے۔ایس ایس پی سکھر نے مزید ہدایت جاری کی ہے کہ پولیس پیٹرولنگ کے نظام کو مربوط اور مؤثر بنایا جائے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت حساس مقامات پر خصوصی نظر رکھی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نگرانی کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے تاکہ ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان تمام اقدامات کا مقصد یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر منعقد ہونے والی مذہبی سرگرمیوں کو پرامن اور محفوظ ماحول میں یقینی بنانا ہے تاکہ عزاداران اپنے مذہبی فرائض بخوبی ادا کر سکیں۔