November 17, 2026

تعلیمی اداروں کی بندش مسائل کا حل نہیں، سندھ حکومت فیصلہ واپس لے: بشیر احمد چنہ

IMG-20260311-WA0038

تعلیمی اداروں کی بندش مسائل کا حل نہیں، سندھ حکومت فیصلہ واپس لے: بشیر احمد چنہ

سکھر(بیورورپورٹ)ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز (API) سندھ کے چیئرمین و ڈپٹی کنوینر، جوائنٹ ایکشن کمیٹی آف پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشنز سندھ بشیر احمد چنہ، سینیئر وائس چیئرمین محمد اقبال خان، سیکریٹری جنرل روبینہ کیانی اور دیگر عہدیداران نے پنجاب اور بلوچستان کے بعد سندھ میں بھی تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے جلد بازی میں کیا گیا غیر دانشمندانہ فیصلہ قرار دیا ہے۔مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں تعلیم کو کبھی بھی کسی بھی حکومت کی اولین ترجیح نہیں بنایا گیا۔ موسم کی خرابی سے لے کر جنگی حالات تک تقریباً ہر مسئلے کا حل تعلیمی اداروں کی بندش کو سمجھ لیا جاتا ہے، جو کہ نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ تعلیمی نظام کی تباہی کا سبب بھی بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے ابھی تک کووڈ-19 کے دوران ہونے والی طویل بندش کے اثرات سے مکمل طور پر باہر نہیں نکل سکے، ایسے میں مزید بندشیں تعلیمی نظام اور طلبہ کے مستقبل کے لیے نقصان دہ ثابت ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایندھن کی کھپت کے لحاظ سے بھی تعلیمی ادارے سب سے پیچھے ہیں، اس لیے انہیں بند کرنا کسی بھی طور پر مسئلے کا مؤثر حل نہیں ہو سکتا۔API سندھ کے رہنماؤں نے کہا کہ اس وقت تعلیمی سال اپنے اختتامی مراحل میں ہے اور صوبے بھر میں امتحانات کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں تعلیمی اداروں کی بندش طلبہ کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گی۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیم دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبے کے بہترین مفاد میں فوری طور پر یہ فیصلہ واپس لیا جائے تاکہ امتحانی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو سکے اور نئے تعلیمی سال کا بروقت آغاز یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کے قیمتی وقت کے ضیاع اور تعلیمی نقصان سے بچنے کے لیے حکومت کو سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر کفایت شعاری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔API کے رہنماؤں نے وفاقی و صوبائی کابینہ کے ارکان کی جانب سے دو ماہ کی تنخواہیں نہ لینے اور فیول کے استعمال میں 50 فیصد کمی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے عوام کو مثبت پیغام ملتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری افسران اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کو دی جانے والی مراعات میں مزید کمی کی جائے تاکہ قومی وسائل کی بچت ممکن ہو سکے اور عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔