سکھر/ورجینیا(بیورورپورٹ)سندھی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکا (سانا) کے وومین افیئرز ونگ کے زیرِ
سکھر/ورجینیا(بیورورپورٹ)سندھی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکا (سانا) کے وومین افیئرز ونگ کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ایک آن لائن سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں سندھ اور بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والی ممتاز سماجی شخصیات، ماہرین تعلیم اور انسانی حقوق کے کارکنان نے شرکت کی۔ سیمینار کی میزبانی سانا کی وائس پریزیڈنٹ وومین افیئرز شاہدہ شیخ نے کی جبکہ پروگرام کی معاونت اور نظامت سیما تنیو نے انجام دی۔سیمینار میں سندھ کی نامور شخصیات نے شرکت کی جن میں معروف سماجی کارکن، محقق اور مصنف نصیر میمن، حیدرآباد وومین چیمبر آف کامرس کی بانی شاہدہ غلام رسول، ماہرِ تعلیم اور خواتین کی سماجی و معاشی بحالی کی رہنما پروفیسر بینظیر جونیجو، انسانی حقوق کی سرگرم رہنما ڈاکٹر عائشہ دھاریجو اور وکیل و قانونی ماہر کلپنا دیوی شامل تھیں۔ پروگرام کی میڈیا ٹیم میں ڈاکٹر ناصر جمال پٹھان اور نوشاد علی شیخ شامل تھے۔پروگرام کے آغاز میں سانا کے جنرل سیکریٹری اسد علی شیخ نے تمام مہمانوں، مقررین اور شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ سانا ہمیشہ خواتین کے حقوق کی بحالی، تعلیم، صحت اور معاشی خودمختاری کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سانا کی وائس پریزیڈنٹ وومین افیئرز شاہدہ شیخ نے کہا کہ عورت صرف گھر کی زینت نہیں بلکہ معاشرے کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عورت ماں، بیٹی، بہن، استاد اور رہنما کی حیثیت رکھتی ہے اور اگر عورت مضبوط ہو تو معاشرہ بھی مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا کہ معاشرے میں خواتین کو برابر کے مواقع کیسے فراہم کیے جائیں، خواتین کی معاشی خودمختاری سماج پر کیا اثر ڈالتی ہے اور لڑکیوں کو تعلیم و تربیت کے ذریعے کس طرح بااختیار بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے صنفی برابری کے قیام میں مردوں کے کردار کو بھی انتہائی اہم قرار دیا۔معروف سماجی کارکن نصیر میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو اب بھی مکمل حقوق حاصل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکثر خواتین کو فیصلہ سازی میں شامل نہیں کیا جاتا جبکہ کئی علاقوں میں انہیں تشدد کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مردانہ بالادستی پر مبنی ذہنیت ابھی تک عورت کو ایک مکمل انسان کے طور پر تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی اور سماجی اداروں میں خواتین کی نمائندگی نہایت کم ہے جبکہ دیہی علاقوں میں لاکھوں لڑکیاں بنیادی تعلیم کے حق سے محروم ہیں، اس لیے تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔شاہدہ غلام رسول نے کہا کہ حیدرآباد میں وومین چیمبر آف کامرس کا قیام خواتین کی معاشی ترقی کی جانب ایک اہم قدم تھا اور اب میرپورخاص میں بھی اس کا قیام عمل میں آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی خواتین کو مختلف ہنر سکھا کر انہیں برانڈز سے منسلک کیا جائے گا تاکہ ان کی تیار کردہ مصنوعات مارکیٹ تک پہنچ سکیں۔انہوں نے سندھ میں لڑکیوں کے اسکولوں کی کمی، اسکولوں میں بنیادی سہولیات جیسے واش رومز اور ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کو بھی اہم مسائل قرار دیا۔ماہرِ تعلیم پروفیسر بینظیر جونیجو نے کہا کہ انہیں اپنے والدین کی حوصلہ افزائی اور حمایت کی بدولت آگے بڑھنے کے مواقع ملے، تاہم آج بھی بہت سی لڑکیوں کے لیے حالات سازگار نہیں ہیں۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ سندھ کے ہر ضلع میں ہوم اکنامکس کالجز قائم کیے جائیں تاکہ خواتین کو مہارتوں پر مبنی تعلیم فراہم کر کے معاشی طور پر مستحکم بنایا جا سکے۔
وکیل اور قانونی ماہر کلپنا دیوی نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے میں مردوں کا کردار نہایت اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ ایک مضبوط اور بااختیار خاتون تھیں جن کی تربیت اور حوصلہ افزائی کے باعث وہ آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی خواتین کام کی جگہوں اور معاشرتی زندگی میں مکمل طور پر محفوظ نہیں ہیں اور معاشرے میں موجود امتیازی رویوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔انسانی حقوق کی رہنما ڈاکٹر عائشہ دھاریجو نے کہا کہ سندھ میں خواتین کی تعلیم کا تناسب کم ہے اور کئی لڑکیوں کی شادی تعلیم کے دوران ہی کر دی جاتی ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے حقوق سے محروم رہ جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سماجی میدان میں کام کرنے والی خواتین کو متعدد چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان مسائل کا حل صرف تعلیم اور شعور کے فروغ سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائی بختاور لاشاری اور مائی جندو جیسی بہادر خواتین ہماری تاریخ میں مثالی کردار رکھتی ہیں اور آج کی خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں۔سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں شرکاء نے مختلف سوالات کیے اور مقررین نے تفصیلی جوابات دیے۔آخر میں سانا کی وائس پریزیڈنٹ وومین افیئرز شاہدہ شیخ نے تمام مہمانوں، مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی علمی اور سماجی نشستیں خواتین کی بااختیاری اور شعور کی بیداری کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔