بڑوں کی لڑائی میں غریب پس گیا، آٹھ ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر محنت کش کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج
بڑوں کی لڑائی میں غریب پس گیا، آٹھ ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر محنت کش کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر میونسپل کارپوریشن کے تحت مون سون بارشوں کے دوران خدمات انجام دینے والے ایک غریب محنت کش نے آٹھ ماہ گزرنے کے باوجود دو ماہ کی تنخواہ ادا نہ کیے جانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے انصاف کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سکھر کے ٹاؤن جئے شاہ کی یوسی نمبر 6 کے وارڈ نمبر 4 کے میرانی محلہ ڈرینج اسٹیشن پر کام کرنے والے محنت کش عبدالغنی سولنگی نے یوسی نمبر 3 تھرمل کے چیئرمین محمد علی چوہان کے دفتر کے باہر اور بعد ازاں سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال مون سون بارشوں کے پیش نظر سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تقریباً دو سو ڈیلی ویجز ملازمین کو بھرتی کیا گیا تھا جنہوں نے بارشوں کے دوران دن رات محنت کر کے شہر کے نکاسی آب کے نظام کو بہتر رکھنے کے لیے خدمات انجام دیں۔عبدالغنی سولنگی کا کہنا تھا کہ بارشوں کے دوران کام مکمل ہونے کے بعد آٹھ ماہ گزر چکے ہیں مگر اب تک انہیں اور دیگر کئی ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہ ادا نہیں کی گئی، جو کم از کم پچاس ہزار روپے بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک غریب محنت کش ہیں اور گھر میں فاقہ کشی کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس سلسلے میں متعدد بار ٹھیکیدار اور یوسی چیئرمین محمد علی چوہان سے ملاقاتیں کر کے اپنی تنخواہ کی ادائیگی کی درخواست کی لیکن ان کی فریاد پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اس قدر معاشی مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں کہ اپنے اہل خانہ کو رمضان المبارک کے روزے رکھنے سے بھی روک دیا ہے کیونکہ سحری اور افطاری کے انتظامات کے لیے بھی وسائل موجود نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل وہ پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں کام کرتے تھے لیکن دو سال قبل انہیں میونسپل کارپوریشن منتقل کیے جانے کے بعد سرکاری تنخواہ بھی بند کر دی گئی، جس کے خلاف وہ عدالت سے رجوع کر چکے ہیں۔عبدالغنی سولنگی نے خبردار کیا کہ اگر ان کی دو ماہ کی واجب الادا تنخواہ فوری طور پر ادا نہ کی گئی تو وہ اس ناانصافی کے خلاف محتسب اعلیٰ سندھ اور اینٹی کرپشن کے اداروں میں باضابطہ شکایت درج کروائیں گے۔دوسری جانب اس معاملے پر مؤقف دیتے ہوئے یوسی نمبر 3 تھرمل کے چیئرمین اور ٹھیکیدار محمد علی چوہان نے کہا کہ گزشتہ سال مون سون بارشوں سے قبل تقریباً 200 ملازمین رکھنے کا ٹھیکہ انہیں میئر سکھر ارسلان شیخ کی خواہش پر دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ملازمین میں سے تقریباً 150 افراد کی فہرست بھی انہیں فراہم کی گئی تھی۔محمد علی چوہان کے مطابق بعد ازاں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اس منصوبے کے بل کی ادائیگی میں رکاوٹیں ڈالنا شروع کر دی گئیں جس کے باعث ملازمین کی تنخواہیں بروقت ادا نہیں ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے باعث ملازمین ان سے مسلسل مطالبات کر رہے ہیں جس سے وہ خود بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کئی مرتبہ میئر سکھر ارسلان شیخ کو اس صورتحال سے آگاہ کیا، تاہم میونسپل کارپوریشن کے بعض افسران بل کی ادائیگی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ محمد علی چوہان نے دعویٰ کیا کہ متعدد ملازمین کو انہوں نے اپنی جیب سے بھی ادائیگیاں کی ہیں، تاہم بل کی منظوری نہ ہونے کے باعث تمام ملازمین کو ادائیگی ممکن نہیں ہو سکی۔متاثرہ ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ سکھر میونسپل کارپوریشن فوری طور پر معاملے کا نوٹس لے کر تمام محنت کشوں کی واجب الادا تنخواہیں ادا کرے تاکہ غریب مزدوروں کو مزید مشکلات اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔