سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے اسلام کالونی نیو پنڈ کے رہائشی میر حسن چاچڑ نے اپنی اہلیہ اور
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے اسلام کالونی نیو پنڈ کے رہائشی میر حسن چاچڑ نے اپنی اہلیہ اور معصوم بچوں کے ہمراہ مبینہ زیادتیوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے قرآن پاک ہاتھوں میں اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر میر حسن چاچڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے بھائی نادر چاچڑ، غلام حیدر چاچڑ، ضمیر چاچڑ اور بھتیجے آغا، اختیار، آزاد سمیت دیگر رشتہ دار انہیں ان کے حصے کے پانچ لاکھ روپے دینے سے انکار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ اپنا قانونی حق مانگتے ہیں تو مذکورہ افراد ان پر بلاجواز تشدد کرتے ہیں اور مختلف طریقوں سے انہیں ہراساں کیا جاتا ہے۔میر حسن چاچڑ کا کہنا تھا کہ جوابدار روزانہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو تنگ کرتے ہیں اور بعض اوقات گھر میں داخل ہو کر دھمکیاں دیتے اور تشدد کا نشانہ بھی بناتے ہیں، جس کے باعث وہ اور ان کا خاندان شدید خوف اور ذہنی پریشانی کا شکار ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اپنی ملکیتی جگہ فروخت کرنا چاہتے ہیں لیکن مذکورہ افراد انہیں ایسا کرنے سے زبردستی روک رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس معاملے پر کئی مرتبہ مقامی پولیس اور متعلقہ حکام کو درخواستیں بھی دی ہیں مگر تاحال انہیں کوئی خاطر خواہ انصاف نہیں مل سکا۔میر حسن چاچڑ نے کہا کہ اگر انہیں انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔آخر میں انہوں نے اعلیٰ حکام، ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے اپیل کی کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں اور ان کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ بغیر کسی خوف و خطر اپنی زندگی گزار سکیں۔