November 17, 2026

سکھر: کیمرامین اینڈ فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے وفد کی حاجی ہارون میمن کی عیادت، ملکی حالات اور مہنگائی پر تبادلہ خیال

IMG-20260310-WA0144

سکھر: کیمرامین اینڈ فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے وفد کی حاجی ہارون میمن کی عیادت، ملکی حالات اور مہنگائی پر تبادلہ خیال

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کیمرامین اینڈ فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری کے بانی و قائد حاجی ہارون میمن کی طبیعت ناساز ہونے پر ان کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وفد نے حاجی ہارون میمن کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر عمران شیخ کر رہے تھے جبکہ دیگر ارکان میں جنرل سیکرٹری بلاول احمد بھٹی، کفایت سمیجو، حمید گل پہنور، سجاد سنجرانی، سکندر چاچڑ، اوسامہ طلعت، احمد، مدثر اور عارف شیخ شامل تھے۔ اس موقع پر وفد اور حاجی ہارون میمن کے درمیان ملکی سیاسی و معاشی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو بھی ہوئی۔اس موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حاجی ہارون میمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام کے لیے عید کا تحفہ قرار دیتے ہوئے سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں کے باعث مہنگائی کا طوفان برپا ہے اور عوام کی زندگی شدید مشکلات کا شکار ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی چکی میں پسنے والے افراد کے لیے اپنے بچوں کو پیٹ بھر کر کھانا کھلانا بھی مشکل ترین ہوگیا ہے جبکہ بھوک، افلاس اور غربت کے سائے معاشرے پر گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔حاجی ہارون میمن نے کہا کہ ایسے حالات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عید کی خوشیوں کا بھی خیال نہیں رکھا اور پیٹرول بم گرا کر عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اشیائے خور و نوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ یقینی ہے، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔اس موقع پر حاجی ہارون میمن کے ہمراہ موجود نعیم بدر قریشی اور جنید شیخ سمیت دیگر افراد نے بھی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پہلے ہی عوام کے قابو سے باہر ہو چکی ہے جبکہ ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آٹا، گھی، تیل، چینی، چائے کی پتی، دالیں اور چاول سمیت دیگر بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بعض لالچی دکانداروں نے تو فی آئٹم پچاس روپے تک اضافی وصولی بھی شروع کر دی ہے، جو عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ غریب طبقے کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔آخر میں حاجی ہارون میمن اور دیگر رہنماؤں نے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے اپیل کی کہ خدا کے واسطے غریب اور متوسط طبقے کا خیال رکھا جائے اور مہنگائی کے طوفان کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایسی پالیسی مرتب کی جائے جس سے عام آدمی کو سکھ کا سانس لینے کا موقع مل سکے اور وہ پرسکون زندگی گزار سکے۔