November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ)گاؤں قادر بخش مہر، تعلقہ پنو عاقل ضلع سکھر سے تعلق رکھنے والے مہر برادری کے

IMG-20260310-WA0146

سکھر (بیورورپورٹ)گاؤں قادر بخش مہر، تعلقہ پنو عاقل ضلع سکھر سے تعلق رکھنے والے مہر برادری کے مرد و خواتین نے اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ سکھر پریس کلب کے سامنے قرآن پاک اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اعلیٰ حکام سے انصاف و تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرے میں شریک نجمہ خاتون، مائی پروین خاتون، دیدار علی مہر، ہادی بخش مہر اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل واجد عالمانی کو مبینہ طور پر عبدالحفیظ مہر نے چوری کے الزام پر قتل کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے ملزم عبدالحفیظ مہر کی گرفتاری کے لیے کچے کے علاقے میں آپریشن شروع کیا۔مظاہرین کے مطابق گزشتہ روز پولیس نے عبدالحفیظ مہر کی گرفتاری کے سلسلے میں ایک بار پھر چھاپہ مارا، اسی دوران عبدالحفیظ مہر نے مبینہ طور پر پولیس پر فائرنگ کر دی،جس کے نتیجے میں اس کی والدہ کو گولی لگ گئی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد بائیجی پولیس نے عبدالحفیظ مہر کی والدہ کے قتل کا الزام بے گناہ افراد پر عائد کرتے ہوئے عبدالرشید مہر، عقیل مہر، عجب مہر، غلام فرید مہر، واجد علی مہر سمیت دیگر افراد کو گرفتار کر لیا ہے.انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے چھاپے کے دوران گھروں میں موجود مویشی، گھریلو سامان اور سولر پلیٹس بھی اپنے ساتھ لے گئیں، جبکہ دوسری جانب عبدالحفیظ مہر اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ ان کے گھروں پر حملہ آور ہوا، جہاں خواتین اور بچوں کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گھروں میں موجود قیمتی سامان اور مویشی بھی لوٹ لیے گئے۔مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیرِاعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، عبدالحفیظ مہر اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے، جبکہ گرفتار کیے گئے بے گناہ افراد کو رہا کر کے واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور متاثرہ خاندان کو تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔