سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے مڈ کھوسہ، تعلقہ لکھی غلام شاہ ضلع شکارپور کی رہائشی کھوسو
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے مڈ کھوسہ، تعلقہ لکھی غلام شاہ ضلع شکارپور کی رہائشی کھوسو برادری سے تعلق رکھنے والی خواتین نے اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ پولیس کی مبینہ زیادتیوں اور بلاجواز گرفتاریوں کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے قرآن پاک ہاتھوں میں اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اعلیٰ حکام سے فوری انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔مظاہرے میں مسمات ذکیہ، مسمات سعیدہ، بلقیس خاتون اور دیگر خواتین شریک تھیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ رات سحری کے وقت پولیس نے اچانک ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر کے دروازے توڑ ڈالے۔خواتین کے مطابق پولیس اہلکاروں نے گھر میں موجود خواتین کو بھی مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور بغیر کسی واضح وجہ کے چار افراد کو گرفتار کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔احتجاج کرنے والی خواتین نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والوں میں محمد امین کھوسو، امان اللہ کھوسو، محمد حنیف کھوسو اور محمد حنیف کا بیٹا محمد حسن شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے چھاپہ مارنے والے نیوپنڈ پولیس اسٹیشن سکھر کے ایس ایچ او عبدالحمید مہر سے پوچھا کہ ان کا جرم کیا ہے تو پولیس اہلکاروں نے انہیں دھکے دے کر تشدد کا نشانہ بنایا اور کوئی واضح جواب نہیں دیا۔
خواتین نے مزید بتایا کہ ان کے مطابق گرفتار کیے گئے چاروں افراد کی گرفتاری بھی باضابطہ طور پر ظاہر نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ سکھر کے مختلف تھانوں میں جا کر معلومات حاصل کر چکی ہیں مگر کہیں بھی ان افراد کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی جا رہی۔مسمات سعیدہ کا کہنا تھا کہ وہ لوگ غریب محنت کش ہیں اور محنت مزدوری کر کے اپنے اہل خانہ کا پیٹ پالتے ہیں، جبکہ پورا گاؤں اس بات کی گواہی دینے کے لیے تیار ہے کہ ان کے مرد کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں ہیں۔انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ دوسرے ضلع کی پولیس کس اختیار کے تحت ان کے گھر پر چھاپہ مار سکتی ہے جبکہ انہیں ان کا جرم تک نہیں بتایا جا رہا۔احتجاج کرنے والی خواتین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے پرزور اپیل کی کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، گرفتار کیے گئے چاروں افراد کو بازیاب کرایا جائے اور شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔خواتین نے مطالبہ کیا کہ انہیں اور ان کے خاندان کو تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔