November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا اسٹیٹ بینک کے شرحِ سود برقرار رکھنے

Screenshot_2026-03-09_210431

سکھر(بیورورپورٹ)سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا اسٹیٹ بینک کے شرحِ سود برقرار رکھنے کے فیصلے پر سخت ردعمل سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سرپرستِ اعلیٰ وقار محمود خان، FPCCI کے نائب صدر و سندھ ریجنل چیئرمین بلال وقار خان، چیمبر کے صدر محمد خالد کاکیزئی، سینئر نائب صدر امیت کمار، نائب صدر ملک محمد اویس رئیس، کنوینر بینکنگ کمیٹی عبدالمجید قریشی و دیگر عہدیداران نے نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرحِ سود کو 10.5 فیصد پر برقرار رکھنے کے فیصلے پر شدید تشویش اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے کاروباری برادری اور صنعتی شعبے کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں بلند شرحِ سود سرمایہ کاری، صنعت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں بڑی رکاوٹ ہے، بزنس کمیونٹی اور صنعتی حلقے مسلسل اس بات کا مطالبہ کر رہے ہیں کہ شرحِ سود کو فوری طور پر سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے تاکہ صنعت و تجارت کو سہارا مل سکے اور معیشت میں بہتری آئے۔چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ مہنگی بجلی، بلند شرحِ سود اور کاروبار کرنے کی بڑھتی ہوئی لاگت کی وجہ سے پاکستانی صنعتیں بین الاقوامی منڈی میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت کھو رہی ہیں۔ اگر شرحِ سود میں نمایاں کمی نہ کی گئی تو نہ صرف صنعتی پیداوار متاثر ہوگی بلکہ برآمدات میں اضافہ بھی ممکن نہیں ہوگا۔سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت اور اسٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا کہ وہ بزنس کمیونٹی کے تحفظات کو سنجیدگی سے لیں اور شرحِ سود کو کم کر کے 4 سے 5 فیصد کی سطح کے قریب لانے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔چیمبر کے عہدیداران نے مزید کہا کہ اگر حکومت واقعی معیشت کو مستحکم کرنا چاہتی ہے تو اسے توانائی کی قیمتوں میں مزید کمی، ٹیکس نظام میں اصلاحات اور کاروباری ماحول کو سازگار بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ بصورت دیگر معاشی بحالی کا ہدف حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا۔آخر میں سکھر چیمبر نے واضح کیا کہ بزنس کمیونٹی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کی مشکلات کو دور کیے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔