میلسی(بیو رو چیف و ہا ڑ ی ) صدر موٹر سائیکل شوروم یونین راؤ ریاض حسین ضیاء نے اپنے ایک
میلسی(بیو رو چیف و ہا ڑ ی ) صدر موٹر سائیکل شوروم یونین راؤ ریاض حسین ضیاء نے اپنے ایک میڈیابیان میں مقامی انتظامیہ پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض انتظامی افسران مبینہ طور پر “نگہبانِ رمضان افطار پروگرام” کے لیے تاجروں کو پریشان کر کے ان سے فنڈز اکٹھے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو مختلف ذرائع سے کہا جا رہا ہے کہ افطار کے انتظامات کے لیے مالی تعاون فراہم کیا جائے، جس پر تاجروں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ راؤ ریاض حسین ضیاء کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب پہلے ہی اعلان کر چکی ہے کہ نگہبان رمضان پروگرام کے تحت افطار کا بندوبست حکومتی سطح پر کیا جا رہا ہے، لہٰذا اگر تاجروں سے فنڈز جمع کیے جا رہے ہیں تو اس حوالے سے وضاحت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال نے انتظامیہ اور حکومتی دعوؤں کے درمیان تضاد کے سوالات کو جنم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر واقعی سرکاری سطح پر افطار کا انتظام کیا جا رہا ہے تو تاجروں سے چندہ لینے کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے۔صدر موٹر سائیکل شوروم یونین نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں تاکہ تاجر برادری میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے اور کسی بھی قسم کی غلط فہمی دور کی جا سکے۔تاجر حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اس حوالے سے واضح پالیسی سامنے آ جائے تو غیر ضروری دباؤ اور افواہوں کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔