میلسی(بیو رو چیف و ہا ڑ ی خلیجی خطے میں جاری جنگی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرولیم
میلسی(بیو رو چیف و ہا ڑ ی خلیجی خطے میں جاری جنگی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان سمیت دیگر ممالک کی طرح مقامی سطح پر بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ مہنگائی کی اس نئی لہر کے خدشات کے پیش نظر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ملے جلے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ حکومتی حلقوں نے صورتحال کو عالمی حالات کا نتیجہ قرار دیا ہے جبکہ اپوزیشن اور عام شہریوں نے مہنگائی کے بڑھتے بوجھ پر تشویش ظاہر کی ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق ایم این اے سعید احمد خان منیس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی خطے میں جاری جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ایک حقیقت ہے جس کے اثرات ہر ملک پر پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کر رہی ہے اور معاشی استحکام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔دوسری جانب ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی محمود حیات خان عرف ٹوچی خان نے کہا کہ مہنگائی نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ رکھی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے سے عام آدمی کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کرے۔سابق امیدوار صوبائی اسمبلی عمران خان کھچی نے بھی کہا کہ عالمی حالات اپنی جگہ مگر حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کو مہنگائی کے طوفان سے بچانے کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کرے کیونکہ عام آدمی پہلے ہی شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے۔سٹی پریس کلب رجسٹرڈ عیدگاہ روڈ میلسی کے سی ای او بلال نظامی نے کہا پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری بھی اس صورتحال پر تشویش میں مبتلا ہے۔صدرسٹی پریس کلب قیصر ممتاز کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پیدا ہونے والی صورتحال کے اثرات مقامی معیشت پر بھی مرتب ہوتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے بروقت پالیسی سازی کریں تاکہ عوام کو زیادہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔سٹی پریس کلب جنرل سیکرٹری رانا عرفان احمد نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے سب سے زیادہ متاثر عام شہری اور روزانہ سفر کرنے والے افراد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس طبقے کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج متعارف کروانا چاہیے۔سیئنرنائب صدر بشیرچوہان نے کہا کہ مہنگائی کے اثرات صرف معاشی نہیں بلکہ سماجی سطح پر بھی پڑتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ پالیسی سازی میں عوامی مفاد کو ترجیح دی جائے.سماجی رہنما میاں زبیر جھنڈیر اور شیخ غلام مصطفے نے کہا کہ مزدور اور محنت کش طبقہ پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے، ایسے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ان کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مزدور طبقے کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ خلیجی خطے کی صورتحال کے اثرات اگر برقرار رہے تو مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے حکومت کو بروقت حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے تاکہ عوام کو ممکنہ مشکلات سے بچایا جا سکے۔