November 17, 2026

پالیسی، استقامت اور عالمی سلامتی: عالمی یومِ خواتین پر ستاروں کی کہکشاں خصوصی رپورٹ : راجہ نورالہی عاطف

IMG-20260307-WA0091

پالیسی، استقامت اور عالمی سلامتی: عالمی یومِ خواتین پر ستاروں کی کہکشاں

خصوصی رپورٹ : راجہ نورالہی عاطف

عالمی یومِ خواتین کے موقع پر پاکستان کے اہم قومی شعبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی مشاورتی افطار نشست کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی میزبانی آمنہ منور اعوان (صدر، ایمپاور ہر اٹ کوپئیر) اور زلیخہ (ہیڈ جینڈر یونٹ، این ڈی ایم اے) نے کی۔ اس موقع پر بیوروکریسی، پارلیمنٹ، عدلیہ، میڈیا اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی، جنہیں ایک طرح سے “ستاروں کی کہکشاں” قرار دیا جاسکتاہے۔
یہ نشست پالیسی سازی اور عملی سطح پر اس کے اثرات کے درمیان فاصلے کو کم کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوئی۔
محترمہ آمنہ اعوان نے “ایمپاور ہر” کے مشن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد دیہی پاکستان کی خواتین کو عالمی اداروں سے جوڑنا، انہیں تربیت اور رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ ایک فرد کی بااختیاری دراصل پوری قوم کی بااختیاری کا ذریعہ بنے۔
عائشہ موریانی (سیکرٹری، وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی) نے “ایک بیٹی ایک شجر” مہم کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی، جبکہ این ڈی ایم اے کی زلیخہ نے صنفی تقاضوں کے مطابق ڈیزاسٹر رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی جینڈر ڈی آر آر کٹس متعارف کروائیں۔
حمیرہ مفتی (سیکرٹری، نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن) اور فورم آف ساؤتھ ایشیا پارلیمنٹیرینز آن پاپولیشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے نمائندوں نے صنفی مساوات کے فروغ کے لیے ملک گیر مہمات اور خواتین کے لیے ڈیجیٹل تحفظ کی ہیلپ لائنز کی اہمیت پر زور دیا۔خواتین میڈیا رہنماؤں میں وائس آف امریکہ کی سارہ زمان، ہم ٹی وی کی بییا، روز ٹی وی کی صائمہ سکھیرہ اور پی ٹی وی ورلڈ کی انعم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان سماجی اقدامات کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں گی تاکہ خواتین کے حقوق قومی مکالمے کا مرکزی حصہ بنے رہیں۔
دوران نشست عالمی سطح پر جاری تنازعات اور ان کے خواتین پر غیر متناسب اثرات پر سنجیدہ گفتگو کی گئی۔ اس موقع پرمیمونہ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس کے لیے ایک روڈ میپ پیش کیا جس کے ذریعے کارپوریٹ سیکٹر میں بین الاقوامی تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
سمینہ (پودا) نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف مضبوط آواز اٹھانے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کے اختتام پر عالمی امن و سلامتی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی اور خواتین، امن اور سلامتی کے عالمی ایجنڈے کو فروغ دینے کے لیے ایک مضبوط عالمی مہم چلانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس باصلاحیت نیٹ ورک کے ذریعے باہمی تعاون، رابطہ اور اشتراک کو فروغ دیا جائے گا تاکہ ہر عورت کے لیے محفوظ اور روشن مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔