نبیلہ ارشاد ایڈوکیٹ کی ایرانی سفارت خانے کا دورہ
نبیلہ ارشاد ایڈوکیٹ کی ایرانی سفارت خانے کا دورہ۔
جہاں انہوں نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق چیئرپرسن جموں کشمیر ڈیموکریٹ پارٹی نبیلہ ارشاد ایڈوکیٹ نے ایرانی سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے رہبرِ انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وفد نے ایرانی سفارت خانے کے کونسلر مجید مشکی سے ملاقات کی اور تعزیتی پیغام پیش کیا۔ایڈوکیٹ نبیلہ ارشاد صاحبہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم ایرانی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی جانوں کا ضیاع نہ صرف ایران بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے باعثِ افسوس اور گہرے دکھ کا باعث ہے۔ انہوں نے اس المناک سانحے پر حکومتِ اسلامی جمہوریہ ایران اور ایرانی عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے ایران پر ہونے والے حملے کی بھی شدید اور بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک ہیں اور بین الاقوامی قوانین و انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ ایڈوکیٹ نبیلہ ارشاد صاحبہ نے عالمی برادری بالخصوص اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال میں اپنا مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں انصاف اور امن کے قیام کے لیے آواز بلند کریں اور مظلوم اقوام کے ساتھ عملی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ملاقات کے دوران وفد کی جانب سے یہ پیغام دیا گیا کہ جموں کشمیر ڈیموکریٹ پارٹی اور کشمیری عوام ایرانی قوم کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وفد نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
اس موقع پر باہمی احترام اخوت اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مظلوم انسانیت کے حق میں آواز بلند کرنا اور انصاف کے لیے جدوجہد جاری رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔