November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز )میلاد مصطفےٰ کمیٹی کے بانی چیئرمین

IMG-20260305-WA0313

سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز )میلاد مصطفےٰ کمیٹی کے بانی چیئرمین غیاث الدین قادری نے کہا ہے کہ سکھر آرٹس کونسل میں بھی شعبہ نعت قائم کیا جائے کیونکہ نعت گوئی، ثنا خوانی بھی ایک فن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب انجمن قادریہ رضویہ کی نور رمضان لائیو ٹرانسمیشن میں پروگرام کے ہوسٹ الحاج عدنان رضا قادری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ واعظین نعت کے موضوع پر ہونے والے پروگرام میں غیاث الدین قادری کا کہنا تھا کہ ماضی قریب میں سید حسین علی ادیب رائے پوری، علامہ پیر سید ریاض الدین سہروردی، شعبہ نعت میں پی ایچ ڈی کی سعادت حاصل کرنے والے ڈاکٹر شہزاد احمد نے نعت کی ترویج و اشاعت فروغ و حمد و نعت کےلئے گراں قدر خدمات انجام دیں ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ الحاج سید ہاشمی الحاج خورشید احمد، منظور الکونین، الحاج یوسف میمن، مرغوب ہمدانی اور دیگر ثنا خوانوں نے منفرد معیاری، مختلف انداز، شاندار لب و لہجے خوش الحانی کے ساتھ گلہائے عقیدت پیش کئے۔ سکھر شہر کے معروف نعت خوانوں میں محمد عثمان خان قادری، صوفی اصغر یار خان،عبدالشکور عباسی ، علی مبشر سعیدی ، رانا شوکت علی اور دیگر نعت خواں شامل ہیں جو اپنے وقت کے ممتازاور مشہور و معروف ثنا خواں رہے۔ انہوں نے سکھر کے موجودہ نعت خوانوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ واعظین نعت میں الحاج عدنان رضا قادری، مولانا رضوان خان قادری، محمد عابد قادری، حافظ سجاد قاسمی، محمد کامل رضا قادری، محمد احسن رضا قادری، ضیاءرضا قادری، ڈاکٹر نیاز احمد منگی، فرہاج قادری، عبدالوحید بلو کے نام قابل ذکر ہیں انہوں نے کہا کہ فروغ نعت کے حوالے سے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے میلاد مصطفےٰ کمیٹی کا تربیتی ادارہ میلاد نعت انسٹیٹیوٹ سکھر میں اپنی خدمات انجام دے رہا ہے انہوں نے کمشنر سکھر اور ڈپٹی کمشنر سکھر سے مطالبہ کیا کہ سکھر آرٹس کونسل میں شعبہ نعت کو بھی شامل کیا جائے اس سلسلے میں ہم پورا تعاون کرنے کو تیار ہیں۔اس موقع پر دونوں شخصیات نے تحاٸف کا تبادلہ بھی کیا۔جبکہ غیاث الدین قادری نے یوم خاتون جنت کوٸز پروگرام کے انعقاد اور کامیابی پر الحاج عدنان رضا قادری اور ان کے رفقاۓ کار کو مبارکباد بھی دی اور ان کی دینی خدمات کو سراہا۔