گیارہویں سپارے کا خلاص Nazir Malik – 17/03/2025 *گیارہویں پارے کا خلاصہ*
: گیارہویں سپارے کا خلاص
Nazir Malik – 17/03/2025
*گیارہویں پارے کا خلاصہ*
جمعرات 12 رمضان المبارک 1446ھ
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
*گیارہویں پارے کا خلاصہ*
اَعُوذُ بِالله مِنَ الشَّیطٰنِ الَّرجِیمِ
گیارہویں پارے کا آغاز سورہ توبہ سے ہوتا ہے۔ سورہ توبہ میں اللہ تعالیٰ نے مہاجر اور انصار صحابہ کرامؓ میں سے ایمان پر سبقت لے جانے والے صحابہ کرام کا ذکر کیا ہے کہ اللہ ان سے راضی ہو ااور وہ اللہ تعالیٰ سے راضی ہوئے اور اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے اپنی جنتوں کو تیار کر دیا ہے جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی اور یہ بہت بڑا اجر ہے۔
اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے اس حقیقت کا بھی ذکر کیا کہ مدینہ میں رہنے والے بہت سے لوگ منافق ہیں اور بہت سے لوگ منافقت کی موت مر رہے ہیں؛ اگر چہ رسول اللہﷺ ان کو نہیں جانتے تھے مگر اللہ تعالیٰ ان سے اچھی طرح واقف ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ میں ایسے لوگوں کو عام لوگو ں کے مقابلے میں دُگنا عذاب دوں گا۔
گیارہویں پارے میں اللہ نے ان منا فقین کا ذکر کیا ہے‘ جو بغیر کسی سبب کے جنگِ تبوک میں شریک نہ ہوئے۔ ان منافقوں کے ذہن میں یہ بدگمانی موجود تھی کہ مسلمان تبوک کے محاذ پر شکست سے دوچار ہوں گے۔ اللہ نے اہلِ ایمان کی مدد فرمائی اور اپنے فضلِ خاص سے ان کو فتح یاب فرما دیا۔ اللہ تعالیٰ نے پیشگی اپنے نبیﷺ کو اس بات کی اطلاع دی تھی کہ آپﷺ ان کے پاس پہنچیں گے تو وہ آپ کے سامنے عذر پیش کریں گے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے حبیبﷺ پر اس وحی کو نازل کیا کہ آپ انہیں کہیں کہ بہانے نہ بنائو‘ ہم تم پر یقین نہیں کریں گے، اللہ نے تمہاری خبریں ہم تک پہنچادی ہیں اور آئندہ بھی اللہ اور اس کے رسولﷺ تمہاری حرکتوں پر نظر ر کھیں گے‘ پھر تم اس ذات کی طرف لوٹائے جائو گے‘ جو حاضر اورغائب سب کا جاننے والا ہے تو وہ تمہیں تمہارے اعمال کی اصلیت سے آگاہ کرے گا۔
اس سورہ میں اللہ تعالیٰ نے اس بات کا بھی ذکرکیا ہے کہ نیکی کرنے والوں نے اگر اللہ کی راہ میں کوئی چھوٹی بڑی رقم خرچ کی یا کسی وادی (سفر) کو طے کیا تو اس عمل کو ان کے نامہ اعمال میں لکھ دیا گیا ہے تاکہ اللہ تعالی ان کے کاموں کا ان کو اچھا بدلہ عطا فرمائے۔
رسول اللہﷺ نے غزوہ تبوک کے موقع پر صحابہ کرامؓ سے مالی تعاون کا تقاضا کیا تو حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے سات سو اونٹ مع سامان‘ اللہ کے راستے میں خرچ کر دیے تھے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اپنے مال کا نصف حصہ اللہ کے راستے میں وقف کر دیا جبکہ جناب ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے اپنا سارا مال رسول اللہﷺ کی خدمت میں پیش کر دیا۔ رسول اللہﷺ نے پوچھا: گھر میں کیا چھوڑ کر آئے ہو؟ تو جناب ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے جواب دیا: گھرمیں اللہ اور اس کے رسولﷺ کی محبت کو چھوڑ کر آیا ہوں۔
اس پارے میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ بے شک اللہ نے مومنوں سے ان کی جانوں اور مالوں کے بدلے جنت کا سودا کر لیا ہے، وہ اللہ کے راستے میں جہاد کرتے ہیں‘ اللہ کے دشمنوں کو مارتے ہیں اور خود بھی اللہ تعالیٰ کے راستے میں قتل ہو جاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اس تجارت کو انتہائی فائدہ مند تجارت قرار دیا ہے۔
اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے صحابہ کرامؓ کے بعض امتیازی اوصاف کا بھی ذکر کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین توبہ کرنے والے‘ اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے والے‘ اللہ کی حمد کرنے والے‘ زمین میں پھرنے والے‘ اللہ کے سامنے جھکنے والے‘ اس کی بارگاہ میں سجدہ کرنے والے‘ نیکی کا حکم دینے والے‘ برائی سے روکنے والے اور اللہ تعالیٰ کی حدود کی حفاظت کرنے والے تھے اور ایسے ہی مومنوں کے لیے خوش خبری ہے۔
اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے دینی علم کو بھی فرض کفایہ قرار دیا اور ارشاد ہوا کہ تمام مومنوں کے لیے ضروری نہیں کہ اپنے آپ کو دینی تعلیم کے لیے وقف کریں بلکہ مسلمانوں کو چاہیے کہ ہر گروہ میں سے کچھ لوگ اپنے آپ کو دینی تعلیم کے لیے وقف کریں تاکہ جب اپنی قوم کی طرف واپس پلٹیں تو ان کو اللہ تعالیٰ کے عذاب سے ڈرا سکیں۔
اس سورہ مبارکہ کے آخر میں اللہ تعالیٰ نے رسول اللہﷺ کی صفات کا ذکرکیا کہ تم میں سے ایک رسول تمہارے پاس آیا جو کافروں پر زبردست ہے‘ مسلمانوں پر حریص ہے کہ وہ جنت میں چلے جائیں اور مومنوں پر رحم کرنے والا ہے۔ پس‘ اگر وہ رسول اللہﷺ کی ذات اور ان کے پیغام سے رو گردانی کریں تو رسول اللہﷺ اعلان فرما دیں کہ میرے لیے اللہ کافی ہے‘ جس کے سوا کوئی معبود نہیں اس پر میرا بھروسہ ہے اور وہ عرش عظیم کا پروردگار ہے۔
سورہ یونس
اس کے بعد سورہ یونس ہے اورسورہ یونس میں اللہ تعالی نے فرعون کا ذکر کیا ہے کہ اس کے خوف کی وجہ سے بنی اسرائیل کے لوگ ایمان لانے سے کتراتے تھے۔ بنی اسرائیل کی مرعوبیت دیکھ کرحضرت موسیٰ علیہ السلام نے دعا مانگی ”اے ہمارے پروردگار! تو نے فرعون اور اس کے مصاحبوں کو دنیا کی زینت اور مال عطا کیا ہے‘ تاکہ وہ لوگوں کو تیرے راستے سے برگشتہ کرے۔ اے پروردگار! تو ان کے مال اور دولت کو نیست و نابود فرما اور ان کے دلوں کو سخت بنا‘ تاکہ اس وقت تک ایمان نہ لائیں جب تک کہ دردناک عذاب کو نہ دیکھ لیں‘‘۔ اللہ نے موسیٰ علیہ السلام کی دعاکو قبول فرما لیا اور ہر طرح کا عذاب دیکھنے کے باوجود بھی فرعون ہدایت کو قبول کرنے پر آمادہ نہ ہوا یہاںتک کہ جب موسیٰ علیہ السلام بنی اسرائیل کے لوگوں کو لے کر نکلے تو اس نے اپنے لشکر سمیت ان کا تعاقب کیا۔
جب موسیٰ علیہ السلام معجزانہ طور پر سمندرکو پار کر گئے تو اللہ نے سمندر کی لہروں کو آپس میں ملا دیا۔ فرعون سمندرکے وسط میں غوطے کھانے لگا۔ اس حالت میں فرعون نے پکار کر کہا ”میں ایمان لایا کہ کوئی معبود نہیں اس کے سوا کہ جس پر بنی اسرائیل ایمان لائے اورمیں فرمانبرداروں میں سے ہوں‘‘۔ اللہ نے فرعون کے ایمان کو قبول کرنے سے انکارکر دیا اور کہا کہ کیا اب ایمان لائے ہو؟ اس سے پہلے تک تو تُو نافرمانی اور فساد برپا کرنے والوں میں سے تھا۔ پس آج ہم تیرے جسم کو سمندرسے نکال لیں گے تا کہ تو اپنے بعد میں آنے والے لوگوں کے لیے اللہ کے عذاب کی نشانی بن جائے اور بہت سے لوگ ہماری آیات سے غافل ہیں۔ اس واقعے سے ہمیں نصیحت حاصل ہوتی ہے کہ انسان کو دنیا اور اقتدار کے نشے میں اندھے ہوکر اپنے انجام اور آخرت کو فراموش نہیں کر دینا چاہیے اس لیے کہ اللہ کی پکڑ بڑی شدید ہے۔
اس پارے میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں کیا انسانوں کے لیے یہ تعجب کی بات ہے کہ انہی میں سے ایک مرد پر وحی کو نازل کیا جائے‘ جو اللہ تعالیٰ کی وحی کے ذریعے ان کو ڈرائے۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے سورج اور چاند کو روشنی ⁹عطا کی اور چاند کی منازل کو بھی طے کیا تا تم اس کے ذریعے سالوں اور مہینوں کا حساب لگائو۔ اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے یہ بھی بتلایا کہ بے شک زمین اور آسمان کی تخلیق اور رات اور دن کے آنے جانے میں اللہ سے ڈر نے والوں کے لیے نشانیاں ہیں۔
اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے بنی نوع انسان کو مخاطب ہو کر کہا کہ اے لوگو! تم تک تمہارے رب کی نصیحت
آ پہنچی ہے‘جو شفا ہے‘ سینے کی بیماریوں کے لیے اور ہدایت اور رحمت ہے اہل ایمان کے لیے۔ اے حبیبﷺ! اعلان فرمائیں‘ اللہ کے فضل اور اس کی رحمت سے اہل ایمان کو خوش ہو جانا چاہیے اور یہ قرآن ہر اس چیز سے بہتر ہے‘ جسے تم اکٹھا کرتے ہو۔ اللہ تعالیٰ نے یہ بھی بیان فرمایا کہ ”خبردار! اللہ کے دوستوں کو نہ کوئی خوف ہوگا اور نہ کوئی غم‘‘ اور ان کی نشانی یہ ہے کہ وہ ایمان والے اور تقویٰ کو اختیار کرنے والے ہوں گے۔
اس سورہ میں اللہ تعالیٰ نے قوم یونس علیہ السلام کا بھی ذکر کیا ہے کہ جب یونس علیہ السلام اپنی قوم کی نافرمانیوں پر ناراض ہوکر ان کو خیرباد کہہ دیتے ہیں تو وہ اللہ کی بارگاہ میں آکر باجماعت اپنے گناہوں پر معافی مانگتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی اجتماعی توبہ اور استغفار کی وجہ سے ان کے گناہوں کو معاف فرما دیتے ہیں۔ جب بھی اللہ تعالیٰ کسی قوم پر ناراض ہو جائیں اور وہ اللہ کی خوشنودی کے لیے اجتماعی توبہ کا راستہ اختیارکرے تو اللہ تعالیٰ اس کی خطاؤں کو معاف فرما دیتا ہے۔
*الدعاء*
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی اپنی بارگاہ میں اجتماعی توبہ کرنے کی توفیق دے تا کہ ہماری اجتماعی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔ اللہ ہمیں قرآن پاک میں مذکور مضامین سے نصیحت حاصل کرنے کی توفیق دے۔
آمین یا رب العالمین
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333
[04/03, 11:32 pm] Nazir Malik: بارہویں سپارے کا خلاصہ
Nazir Malik – 17/03/2025
*بارہویں پارے کا خلاصہ*
جمعہ 13 رمضان المبارک 1446ھ
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
*بارہویں پارے کا خلاصہ*
اَعُوذُ بِالله مِنَ الشَّیطٰنِ الَّرجِیمِ
بِسْمِ اللہ الرحمن الرحیم
اس پارے کا آغاز سورہ ہود سے ہوتا ہے۔ سورہ ہود کے آغاز میں اللہ تعالیٰ نے اس حقیقت کا ذکر کیا ہے کہ زمین پر چلنے والا کوئی چوپایہ ایسا نہیں‘ جس کا رزق اللہ تعالیٰ کے ذمے نہ ہو اور اللہ تعالیٰ اس کے ٹھکانے کو اور اس کے پلٹنے کی جگہ کو نہ جانتے ہوں اور یہ ساری تفصیل لوحِ محفوظ میں محفوظ ہے۔
اس پارے میں اللہ تعالیٰ نے ان اقوام کا ذکر کیا‘ جو اپنی نافرمانیوں کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کے غضب کا نشانہ بنیں۔ حضرت نوح علیہ السلام کی قوم بتوں کی پوجا کرتی تھی۔ اللہ تعالیٰ کے نبی نوح علیہ السلام نے اپنی قوم کو شرک سے باز رہنے کی تلقین کی مگر انہوں نے جناب نوح علیہ السلام کا شدید مذاق اڑایا۔
اللہ تعالیٰ نے جناب نوح علیہ السلام کی مدد فرمائی۔ آسمان اور زمین سے بارش اور سیلاب کی شکل میں پانی جاری کر دیا جس کی زد میں جناب نوح علیہ السلام کا بیٹا اور نافرمان بیوی سمیت تمام کافر آ گئے۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے قوم عاد کا ذکر کیا کہ قومِ عاد بھی قومِ نوح کی طرح شرک کی بیماری میں مبتلا تھی۔ جناب ہود علیہ السلام اُن کو اللہ تعالیٰ کی توحید کی دعوت دیتے رہے لیکن انہوں نے جناب ہود علیہ السلام کی ایک نہ سنی۔ قوم عاد کو اپنی طاقت پر گھمنڈ تھا۔ اللہ تعالیٰ نے ایک طاقتور طوفانی ہوا کو ان پر مسلّط کر دیا جس نے قوم ہود کو اکھاڑ کر پھینک دیا اور اپنی طاقت پر ناز کرنے والے زمین پر یوں پڑے تھے جس طرح کٹے ہوئے درخت کی شاخیں ہوتی ہیں۔
قومِ عاد کے بعد اللہ تعالیٰ نے قومِ ثمود کا ذکر کیا۔ قومِ ثمود کے لوگ بھی اللہ تعالیٰ کی توحید کو فراموش کر چکے تھے۔ قومِ ثمود کے لیے اللہ نے اپنی ایک نشانی کو ظاہر فرمایا۔ اللہ کے حکم سے بستی کی ایک بڑی پہاڑی پھٹی جس سے ایک اونٹنی نکلی۔ اس اونٹنی نے باہر نکلتے ہی بچہ دیا مگر بستی کے لوگوں نے اتنے بڑے معجزے کو دیکھ کر ایمان لانے کے بجائے اونٹنی کے پیروں کو کاٹ دیا۔ اس پر اللہ تعالیٰ غضبناک ہوئے اور ان پر ایک چنگھاڑ کو مسلط کر دیا۔ فرشتے نے چیخ ماری اور اس چیخ کی وجہ سے بستی کے لوگوں کے بھیجے اور دماغ پھٹ گئے۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے قومِ لوط کا ذکر کیا۔ قومِ لوط کے لوگ ہم جنس پرستی کی عادتِ بد کا شکار تھے۔ اللہ تعالیٰ نے قومِ لوط کے پاس عذاب والے فرشتے بھیجے اور ان فرشتوں کو حکم دیا کہ وہ بدکاروں کی اس بستی پر عذاب مسلّط کر دیں۔ فرشتوں نے بستی کو اپنے پروں پر اٹھاکر زمین پر پھینک دیا اور پوری بستی کو پتھروں سے کچل دیا۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے قومِ مدین کا ذکر کیا جو شرک کی برائی کے ساتھ ساتھ ناجائز منافع خوری کا شکار تھی۔ اللہ تعالیٰ نے ان پر اسی طرح کی چیخ کو مسلّط کر دیا‘ جس چیخ کے ساتھ قوم ثمود تباہ ہوئی تھی۔
سورہ ہود کے بعد سورہ یوسف ہے۔
*سورہ یوسف*
بسم اللہ الرحمن الرحیم
سورہ یوسف میں اللہ تعالیٰ نے جناب یوسف علیہ السلام کے واقعے کو بیان کیا ہے۔ جناب یوسف علیہ السلام نے بچپن میں ایک خواب دیکھا کہ گیارہ ستارے سورج اور چاند انہیں سجدہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے والد گرامی پیغمبر خدا حضرت یعقوب علیہ السلام سے اپنا یہ خواب بیان کیا تو جناب یعقوب علیہ السلام نے فرمایا کہ اے بیٹے آپ نے اپنا خواب اپنے بھائیوں کو بیان نہیں کرنا اس لیے کہ وہ یہ خواب سننے کے بعد حسد کا شکار ہو جائیں گے۔
ادھر یہ معاملہ ہو رہا تھا اُدھر جناب یوسف علیہ السلام کے سوتیلے بھائی آپس میں مشورہ کر رہے تھے کہ ہم جوان ہیں لیکن بابا یعقوب جناب یوسف ہی سے پیار کرتے ہیں کیوں نہ کسی بہانے سے بھائی یوسف کو بابا سے علیحدہ کر دیا جائے تاکہ ہم ان کے منظورِ نظر بن سکیں۔ بھائی اکٹھے ہو کر جناب یعقوب علیہ السلام کے پاس آئے اور کہا کہ آپ بھائی یوسف کو ہمارے ساتھ کیوں روانہ نہیں کرتے وہ ہمارے ساتھ جنگل کی طرف جائیں اور ہم ان کے ساتھ کھیلیں۔ جناب یعقوب علیہ السلام نے کہا کہ مجھے ڈر ہے کہ کہیں تم اپنے کاموں میں مصروف ہو جاؤ اور کوئی بھیڑیا اس کو نہ کھا جائے۔ بھائیوں نے کہا کہ بابا ہم جوان ہیں اور یہ کیسے ممکن ہے کہ ہمار ے ہوتے ہوئے کوئی بھیڑیا ہمارے بھائی کو کھا جائے۔ جناب یعقوب علیہ السلام نے ان یقین دہانیوں پر جناب یوسف علیہ السلام کو اپنے بیٹوں کے ساتھ روانہ کر دیا۔ جناب یوسف علیہ السلام کے
بھائیوں نے جناب یوسف کو ایک کنویں میں پھینک دیا اور رات کے وقت روتے ہوئے جناب یعقوب علیہ السلام کے پاس آگئے کہ بھیڑیا یوسف علیہ السلام کو کھا گیا ہے۔ اس پر جناب یعقوب علیہ السلام نے کہا کہ میں صبر کروں گا اللہ کو پتا ہے کہ حقیقت کیا ہے۔
جناب یوسف علیہ السلام جس کنویں میں موجود تھے وہاں سے ایک قافلے والوں کا گزر ہوا انہوں نے پانی نکالنے کے لیے کنویں میں ڈول ڈالا جناب یوسف علیہ السلام ڈول سے لٹک کر کنویں سے باہر نکل آئے۔ اہل قافلہ مصر جا رہے تھے انہوں نے جناب یوسف علیہ السلام کو مصر کے ایک بڑے گھرانے میں فروخت کر دیا۔ جناب یوسف علیہ السلام کی خوبصورتی اور وجاہت کو دیکھ کر اس گھر کے مالک جو عزیز مصر تھا نے اپنی اہلیہ کو کہا کہ جناب یوسف علیہ السلام کو اپنا بیٹا بنا لیں گے امید ہے کہ یہ ہمیں فائدہ پہنچائیں گے۔ جناب یوسف علیہ السلام جب جوان ہوئے تو گھر کی مالکن ان پر بُری نظر رکھنے لگی اور ایک دن اس نے ان کو بُرائی کی دعوت دی جس کو جناب یوسف علیہ السلام نے ٹھکرا دیا۔ اس عورت نے جناب یوسف علیہ السلام پر بُرائی کا الزام لگا دیا لیکن اللہ نے محل میں ایک بچے کو قوتِ گویائی عطا کر کے جناب یوسف علیہ السلام کو اس الزام سے بری کرا دیا۔
عزیز مصر کی بیوی فتنے کا شکار تھی اس نے جناب یوسف علیہ السلام کو مصر کی دیگر عورتوں سے مل کر فتنے کا نشانہ بنانا چاہا تو جناب یوسف علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا مانگی کہ اللہ! مجھے برائی سے بچا کر جیل میں پہنچا دے۔ اللہ نے جناب یوسف علیہ السلام کی دعا کو قبول فرما کر ان کو جیل میں پہنچا دیا۔ جیل میں آپ کی ملاقات دو قیدیوں سے ہوئی۔ ان دونوں قیدیوں نے اپنے خواب حضرت یوسف علیہ السلام کو بتلائے۔ ایک قیدی نے خواب دیکھا کہ وہ انگوروں کو نچوڑ رہا ہے جبکہ دوسرے قیدی کو خواب آیا کہ اس کے سر پر روٹیاں ہیں جن سے پرندے کھانا کھا رہے ہیں۔ حضرت یوسف علیہ السلام نے پہلے تو قیدیوں کوتوحید کی دعوت دی اور اس کے بعد فرمایا کہ ایک آدمی بادشاہ کا ساقی بنے گا جبکہ دوسرے کو پھانسی ہو جائے گی جس آدمی نے بادشاہ کا ساقی بننا تھا اس کو جناب یوسف علیہ السلام نے کہا کہ بادشاہ کو بتلانا کہ جیل میں ایک بے گناہ قیدی پڑا ہے لیکن آزاد ہونے والا قید ی یہ بات بھول گیا اور جناب یوسف علیہ السلام کئی برس تک جیل میں قید رہے۔
اسی اثنا میں بادشاہِ وقت نے ایک خواب دیکھا کہ سات پتلی گائیں سات موٹی گائیوں کو کھا رہی ہیں اور سات سرسبز بالیاں ہیں اور سات خشک بالیاں ہیں۔ اس پر بادشاہ کے ساقی کو جناب یوسف علیہ السلام کی یاد آئی۔ اس نے کہا کہ بادشاہ سلامت! جیل خانے میں ایک بہت بڑا عالم فاضل قیدی ہے جو اس کی صحیح تعبیر بتلا سکتا ہے۔ جناب یوسف علیہ السلام سے جب تعبیر پوچھی گئی تو انہوں نے کہا کہ آنے والے سات سال قحط سالی کے ہو ں گے اور اس کے بعد خوشحالی اور ہریالی ہو گی۔ جناب یوسف علیہ السلام کی تعبیر سننے کے بعد بادشاہ نے کہا کہ انہیں جیل سے بلایا جائے۔ جناب یوسف علیہ السلام نے کہا کہ جب تک میری اعلانیہ بے گناہی ثابت نہیں ہو گی میں جیل سے نہیں نکلوں گا۔ جناب یوسف علیہ السلام کے مطالبے پر عزیز مصر کی بیوی نے برملا جناب یوسف علیہ السلام کو پاک دامن قرار دیا۔ جس کے بعد جناب یوسف علیہ السلام جیل سے باہر آنے پر آمادہ ہو گئے۔ جناب یوسف علیہ السلام کا باقی واقعہ تیرہویں پارے میں بیان ہو گا۔
*الدعاء*
اللہ تبارک وتعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں قرآن مجید فرقان حمید پڑھنے، سمجھنے اور اس میں بیان کردہ واقعات سے نصیحت حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333
بارہویں سپارے کا خلاصہ
[04/03, 11:33 pm] Nazir Malik: تیرہویں سپارے کا خلاصہ
Nazir Malik – 17/03/2025
*تیرہویں پارے کا خلاصہ*
ہفتہ 14 رمضان المبارک 1446ھ
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا
*تیرہویں پارے کا خلاصہ*
اَعُوذُ بِالله مِنَ الشَّیطٰنِ الَّرجِیمِ
بِسْمِ اللہ الرحمن الرحیم
تیرہویں پارے کا آغاز بھی سورہ یوسف سے ہوتا ہے۔ جنابِ یوسف علیہ السلام جب جیل سے آزاد ہو گئے تو بادشاہ نے ان کو اپنے قریبی مصاحبین میں شامل کر لیا۔ آپ علیہ السلام ابتدائی طور پر وزیر خزانہ اور بعد میں عزیز مصر کے منصب پر فائز ہو گئے۔ جناب یوسف علیہ السلام نے زرعی نظام کو بڑی توجہ سے چلایا اور خوشحالی کے سات سالوں میں مستقبل کے لیے بہترین پلاننگ کی‘ یہاں تک کہ جب پوری دنیا میں قحط سالی عام ہو گئی تو مصر کی معیشت انتہائی مضبوط اور مستحکم تھی۔ قحط سالی اپنے عروج پر پہنچی تو غلے کے حصول کے لیے دنیا بھر سے قافلے مصر پہنچنا شروع ہو گئے۔ جناب یعقوب علیہ السلام کے بیٹوں نے بھی مصر کا رُخ کیا۔ جب وہ عزیز مصر کے محل میں داخل ہوئے تو جناب یوسف علیہ السلام اپنے بھائیوں کو پہچان گئے جبکہ آپ کے بھائی آپ سے غافل تھے۔ آپ نے باتوں باتوں میں اپنے بھائیوں سے کہا کہ اگلی مرتبہ اپنے چھوٹے بھائی (بنیامین) کو بھی ساتھ لانا‘ اگر تم اپنے چھوٹے بھائی کو نہ لائے تو تمہیں غلہ نہیں ملے گا۔ اور ساتھ ہی جو پونجی ان کے بھائی غلہ خریدنے کے لیے لائے تھے‘ اس کو بھی اپنے بھائیوںکے سامان میں ڈال دیا۔
جب جناب یوسف علیہ السلام کے بھائی جناب یعقوب علیہ السلام کے پاس پہنچے تو انہوں نے عزیزِ مصر کی بہت زیادہ تعریف کی اور ساتھ ہی یہ بھی بتلایا کہ عزیزِ مصر کی خواہش تھی کہ ہم اپنے بھائی بنیامین کو بھی ساتھ لے کر جائیں۔ جنابِ یعقوب علیہ السلام نے جواب میں کہا کہ کیا میں تم پر اسی طرح اعتماد کروں جس طرح میں نے اس سے قبل یوسف علیہ السلام کے معاملے میں تم پر اعتماد کیا تھا۔ اس پر جناب یعقوب علیہ السلام کے بیٹے خاموش ہو گئے۔ جب انہوں نے اپنا سامان کھولا تو اس میں سے غلے کے ساتھ ساتھ پونجی بھی برآمد ہو گئی۔ اس پر یعقوب علیہ السلام کے بیٹوں نے کہا: دیکھیے بابا عزیزِ مصر نے تو ہماری نقدی بھی ہمیں دے دی ہے۔ اب جناب یعقوب علیہ السلام نے کہا کہ میں بنیامین کو تمہارے ساتھ اس صورت میں روانہ کروں گا کہ تم اس کی حفاظت کی قسم کھائو۔ بیٹوں نے جنابِ یعقوب علیہ السلام کے سامنے حلف دیا تو جناب یعقوب علیہ السلام نے اپنے بیٹوں کو نصیحت کی کہ جب مصر میں داخلے کا وقت آئے تو علیحدہ علیحدہ دروازوںسے داخل ہونا۔ جب دوبارہ یوسف علیہ السلام کے بھائی ان کے پاس پہنچے تو جنابِ یوسف علیہ السلام نے جناب بنیامین کو علیحدہ ایک طرف کر لیا اور ان کو کہا کہ میں آپ کا بھائی یوسف (علیہ السلام) ہوں۔ اس کے بعد حضرت یوسف علیہ السلام نے اپنا پیالہ جناب بنیامین کے سامان میں رکھوا دیا۔ جب قافلہ روانہ ہونے لگا تو اعلان کروایا گیا کہ قافلے والو! تم چور ہو۔ جناب یعقوب علیہ السلام کے بیٹوں نے جواب میں کہا کہ اللہ کی قسم ہم زمین پر فساد پھیلانے نہیں آئے اور نہ ہی ہم چور ہیں۔ اس پر ا ن سے کہا گیا کہ اگر تم میں سے کسی کے سامان سے بادشاہ کا پیالہ برآمد ہوا تو اس کی کیا سزا ہو گی؟ جواب میں جناب یوسف علیہ السلام کے بھائیوں نے کہا کہ اس کی سزا یہ ہے کہ جو مجرم ہو گا وہ خود اپنے کیے کا ذمہ دار ہو گا؛ چنانچہ جب سامان کی تلاشی لی گئی تو جناب بنیامین کے سامان میں سے پیالہ برآمد ہو گیا۔ جناب یوسف علیہ السلام کے بھائیوں نے اس موقع پر بڑے عجیب ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر بنیامین نے چوری کی ہے تو اس سے قبل ان کے بھائی یوسف علیہ السلام نے بھی چوری کی تھی۔ اس پر جناب یوسف علیہ السلام نے دل میں کہا کہ جو تم الزام تراشی کرتے ہو اس کی حقیقت سے اللہ تعالیٰ بخوبی آگاہ ہیں۔ جناب یوسف علیہ السلام کے بھائیوں نے یہ بھی کہا کہ آپ ہم بھائیوں میں سے کسی ایک کو پکڑ لیں۔ جناب یوسف علیہ السلام نے کہا کہ معاذ اللہ ہم کسی مجرم کی جگہ کسی دوسرے کو کس طرح پکڑ سکتے ہیں۔ جناب یوسف علیہ السلام کے ایک بھائی نے کہا کہ میں تو واپس نہیں جا ئوں گا یہاں تک کے بابا یعقوب علیہ السلام مجھے اجازت دیں یا اللہ تعالیٰ میرے حق میں کوئی فیصلہ فرما دے۔
جناب یوسف علیہ السلام کے بھائی جناب یعقوب علیہ السلام کے پاس پہنچے اور ان کو جناب بنیامین کی گرفتاری کی خبر دی تو جناب یعقوب علیہ السلام نے بلند آواز سے جناب یوسف علیہ السلام کا نام لیا اور آپ اتنی شدت سے روئے کہ آپ کی بینائی بھی گل ہو گئی۔ جناب یعقوب علیہ السلام نے اپنے بیٹوں کو نصیحت کی کہ آپ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے ناامید مت ہوں اور جناب یوسف علیہ السلام اور ان کے بھائی کو تلاش کریں۔
اب جناب یوسف علیہ السلام کے بعض بھائی دوبارہ مصر آئے تو حالت بدلی ہوئی تھی۔ غربت اور مفلوک الحالی نے ان کو بری طرح متاثر کیا ہوا تھا، انہوں نے جناب یوسف علیہ السلام کے پاس آکر اپنی غربت کی شکایت کی اورصدقے کا تقاضاکیا تو جناب یوسف علیہ السلام نے پوچھا کیا آپ بھول گئے جو آپ نے اپنے بھائی یوسف علیہ السلام کے ساتھ کیا۔ بھائیوں نے کہا کہ آپ یوسف کو کیسے جانتے ہیں، کہیں آپ ہی تو یوسف نہیں؟ حضرت یوسف علیہ السلام نے فرمایا: میں ہی یوسف ہوں اور یہ میرا بھائی ہے۔ اللہ نے ہم پر احسان کیا‘ بے شک جو صبر اور تقویٰ کو اختیار کرتا ہے تو اللہ نیکوکاروں کے اجر کو ضائع نہیں کرتا۔ اس موقع پر جناب یوسف علیہ السلام کے بھائی انتہائی شرمسار ہوئے اور انہوں نے آپ سے معافی چاہی تو جناب یوسف علیہ السلام نے کہا کہ تم سے کوئی مواخذہ نہیں ہو گا اور اللہ تعالیٰ بھی تمہیں معاف کرے۔ جناب یوسف علیہ السلام نے اپنے بھائیوں کو اپنی قمیص اتار کر دی اور کہا کہ جناب یعقوب علیہ السلام کے چہرے پر ڈالنا‘ اس سے ان کی بینائی واپس آ جائے گی اور آئندہ ان کو بھی اپنے ہمراہ لانا۔
جناب یعقوب علیہ السلام کے بیٹے جب آپ کی قمیص لے کر روانہ ہوئے، تو جناب یعقوب علیہ السلام نے اپنے گھر میں موجود بیٹوں کو مخاطب ہو کر کہا کہ مجھے اپنے بیٹے یوسف علیہ السلام کی خوشبو آ رہی ہے۔ اس پر بیٹوں نے کچھ بے ادبی والے الفاظ کہے، جناب یعقوب علیہ السلام خاموش ہو گئے مگر اتنی دیر میں قاصد خبر لے آیا۔ ساتھ ہی جب مصر سے آپ کے بیٹے آئے اور انہوں نے آپ کے چہرے پر یوسف علیہ السلام کی قمیص ڈالی تو جناب یعقوب علیہ السلام کی بینائی واپس آگئی۔ جناب یعقوب علیہ السلام کے گھر میں موجود بیٹوںنے جنابِ یعقوب علیہ السلام سے معافی مانگی۔ آپ علیہ السلام نے اپنے بیٹوں کو معاف کر دیا۔ سب اہلِ خانہ مصر کو روانہ ہوئے۔ جب سب لوگ جناب یوسف علیہ السلام کے پاس پہنچے تو آپ نے جنابِ یعقوب علیہ السلام کو تخت پر بٹھا لیا۔ جناب یعقوب علیہ السلام اور ان کے گیارہ بیٹے جناب یوسف علیہ السلام کے سامنے جھک گئے۔ واضح رہے کہ اس شریعت میں تعظیمی سجدہ جائز تھا جبکہ مسلمانوں کے لیے تعظیمی سجدہ منع ہے۔ حضرت یوسف علیہ السلام نے اس موقع پر پروردگار عالم کا شکر ادا کیا اور دعا مانگی کہ ا ے میرے پروردگار! مجھے اسلام پر موت دینا اور صالحین کے ساتھ ملا دینا۔ جناب یوسف علیہ السلام کا واقعہ عروج و زوال کی ایک داستان اور صبر اور استقامت کی دستاویز ہے۔ اس سے یہ سبق ملتا ہے کہ اللہ تعالیٰ صبر کا پھل ضرور دیتا ہے، چاہے اس میں کچھ دیر ہو۔
سورہ یوسف کے بعد سورۃ الرعد ہے اس کے آغاز میں اللہ تعالیٰ نے اپنی نعمتیں جتلاتے ہوئے بتلایا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کے لیے انواع و اقسام کے پھلوں کو پیدا کیا۔ اس سورہ میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ اللہ نے ہر قوم میں ایک ہادی کو مبعوث فرمایا۔ اللہ تعالیٰ نے یہ بھی بتلایا کہ بجلی کی کڑک اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کو بیان کرتی ہے اور فرشتے اللہ تبارک و تعالیٰ کے خوف سے کانپتے ہیں۔ اس سورہ میں اللہ تعالیٰ نے یہ بھی بتلایا کہ دلوں کا امن اور سکون اللہ کے ذکر اور اس کی یاد سے حاصل ہو تا ہے۔
اس کے بعد سورہ ابراہیم ہے۔ اس سورہ میں اللہ تعالیٰ نے جناب ابراہیم علیہ السلام کا ذکر کیا ہے۔ ابراہیم علیہ السلام نے اپنی اولاد کی دنیاوی اوراخروی فلاح و بہبود کے لیے بہت سی دعائیں مانگیں اور ہر وقت اللہ تعالیٰ کی شکر گزاری کے جذبات سے معمور رہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سیرت میں ہمارے لیے یہ درس اور سبق موجود ہے کہ ہمیں ہر وقت اللہ تعالیٰ سے دعائیں مانگتے رہنا چاہیے اور کسی بھی وقت اس کی حمد کو نہیں چھوڑنا چاہیے۔
*الدعاء*
اللہ تبارک وتعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں قرآن مجید فرقان حمید پڑھنے، سمجھنے اور اس میں بیان کردہ واقعات سے نصیحت حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین
Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333
تیرہویں سپارے کا خلاصہ