November 17, 2026

سکھر میں گراس روٹس لیول سائیکلنگ کیمپ اور انڈر 16 ریس کا انعقاد

IMG-20260304-WA0128

سکھر میں گراس روٹس لیول سائیکلنگ کیمپ اور انڈر 16 ریس کا انعقاد
نوجوان کھلاڑیوں کو ٹریننگ، مقابلے اور اعزازات سے نوازا گیا

سکھر(بیورورپورٹ)سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن اور سکھر ڈسٹرکٹ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام سکھر میں گراس روٹس لیول سائیکلنگ کیمپ اور انڈر 16 سائیکلنگ ریس کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریب سکھر میونسپل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کی گئی، جبکہ ریس کا آغاز اسٹیڈیم سے ہو کر سکھر پریس کلب پر اختتام پذیر ہوا۔
کیمپ میں انڈر 16 کیٹیگری کے بچوں اور بچیوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر سندھ سائیکلنگ کے سیکریٹری کلیم احمد اعوان کی نگرانی میں شرکاء کو سائیکلنگ کی بنیادی تکنیک، حفاظتی اقدامات، اسپیڈ کنٹرول، بیلنسنگ اور مقابلوں کی تیاری سے متعلق عملی تربیت دی گئی۔ تربیتی سیشنز کے بعد ایک دوستانہ ریس کا انعقاد بھی کیا گیا تاکہ نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کر سکیں۔منتظمین کے مطابق اس کیمپ کا مقصد گراس روٹس سطح پر ٹیلنٹ کو ابھارنا اور صوبہ سندھ میں سائیکلنگ کے کھیل کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے، جسمانی فٹنس کو بہتر بنانے اور نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مسابقتی جذبہ پیدا کرنے کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں۔ریس میں مختلف اسکولوں، اکیڈمیوں اور کلبوں سے وابستہ کھلاڑیوں نے حصہ لیا.اختتامی تقریب میں سکھر سائیکلنگ کے صدر سلطان، سیکریٹری جبار، سکھر ڈسٹرکٹ اسپورٹس کمیٹی کے اراکین، سکھر تائیکوانڈو کے صدر محمد وقاص شیخ، سیکریٹری ماسٹر عبدالرزاق، فی میل سیکریٹری فضیلہ اشرف، سکھر پولیس آفیسر ستار انصاری، بلدیہ افسر عدنان میمن، میر محمد سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔مہمانِ خصوصی نے کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ سائیکلنگ ایک ماحول دوست کھیل ہے جو نہ صرف نوجوانوں کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دیتا ہے بلکہ ماحولیاتی شعور بھی اجاگر کرتا ہے۔عہدیداران نے اعلان کیا کہ مستقبل میں صوبے کے دیگر اضلاع، خصوصاً دور دراز علاقوں میں بھی ایسے کیمپس منعقد کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے سندھ حکومت اور متعلقہ اسپورٹس اتھارٹیز سے مطالبہ کیا کہ گراس روٹس سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لیے مالی و انتظامی تعاون میں اضافہ کیا جائے تاکہ باصلاحیت کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔کیمپ کی کامیاب تکمیل اس بات کا ثبوت ہے کہ مقامی سطح پر کھیلوں کی منظم سرگرمیاں نوجوان نسل کو مثبت سمت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔